چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی سعودی فرمانرواسے ملاقات

ملاقات میں دہشتگردی کیخلاف اسلامی اتحاداورخطےکی سکیورٹی صورتحال پرتبادلہ خیال،جنرل زبیرمحمودحیات کو’کنگ عبدالعزیزمیڈل آف ایکسیلنسی‘سےنوازاگیا،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کےکردارکوسراہتے ہیں۔سعودی فرمانرواسلمان بن عبدالعزیز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 مئی 2017 19:52

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی سعودی فرمانرواسے ملاقات
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔03مئی2017ء) :چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات نے سعودی فرمانرواسلمان بن عبدالعزیزسے ملاقات کی،جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں سعودی فرمانرواسلمان بن عبدالعزیزدہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی۔

سعودی فرمانروانے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردارکوسراہتے ہیں۔خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پرچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات کو’کنگ عبدالعزیزمیڈل آف ایکسیلنسی ‘سے نوازاگیا،یہ سعودی عرب کااعلیٰ ترین اعزازہے۔جنرل زبیرحیات نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی چیف آف جنرل سٹاف سے بھی ملاقات کی ہے۔

سعودی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات اور سعودی فرمانرواسلمان بن عبدالعزیزکے درمیان ملاقات جدہ کے شاہی محل قصر السلام میں ہوئی۔ جس میں سعودی وزیرعبدالعزیزالعساف اور وزیرمملکت خارجہ نزار مدنی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دہشتگردی کےخلاف اسلامی اتحاد پر بھی بات چیت کی گئی۔