اپوزیشن ہو یا میڈیا حکمرانوں نے سچ بولنے پر بے رحم طاقت استعمال کی ،پیمرا،پولیس،نیب،ایف آئی اے ایک خاندان کے مفادات کے محافظ ادارے بن چکے ،شریف حکومت نے عوام دشمن کردار کے خلاف بولنے پر ماڈل ٹائون میں خون بہایا

عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

بدھ 3 مئی 2017 21:38

اپوزیشن ہو یا میڈیا حکمرانوں نے سچ بولنے پر بے رحم طاقت استعمال کی ،پیمرا،پولیس،نیب،ایف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہو یا میڈیا حکمرانوں نے سچ بولنے پربے رحم طاقت استعمال کی اور آزادی اظہار کے آئینی حق کو صدق دل سے قبول نہیں کیا۔پیمرا،پولیس،نیب،ایف آئی اے،ایف بی آر آزاد ادارے نہیں رہے ،جو کوئی بھی شخصی اقتدار پر تنقید کرتا ہے اس کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کر دئیے جاتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ شریف حکومت کے عوام دشمن کردار کے خلاف بولنے پر 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹائون میں 100 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں اور ہزاروں کارکنوں کو پولیس نے اغوا کیا اور بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

اسلام آباد میڈیا سیل سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ صحافیوں نے ہر دور میں جان ہتھیلی پر رکھ کر جمہوریت،ملکی سلامتی اور عوامی حقوق کا تحفظ کیا اور اس عظیم جدوجہد میں صحافیوں نے شہادتیں بھی قبول کیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ دور حکومت میں صحافیوں اور میڈیا ہائوسز پر پابندیوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

پیمرا آزادی اظہار کا تحفظ کرنے کی بجائے ایک خاندان کے اقتدار کا تحفظ کر رہا ہے ،جو انتہائی شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون ،پانامہ لیکس اور نیوز لیکس پر قومی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نے انتہائی جرات مندانہ کردار ادا کیا جس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی کسی حکومت کے چل چلائو کا وقت قریب آتا ہے تو وہ میڈیا پر حملہ آور ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت جمہوری ہو یا غیر جمہوری صحافیوں نے مشکل حالات کا سامنا کیا ہے۔