فیصل صالح حیات ٹریفک حادثہ میں زخمی، حالت خطرے سے باہر

جمعرات 4 مئی 2017 11:03

فیصل صالح حیات ٹریفک حادثہ میں زخمی، حالت خطرے سے باہر
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل صالح حیات ٹریفک حادثہ میں زخمی ہو گئے ،ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل حیات کی کار لاہور سے شاہ جیونا جاتے ہوئے گوجرہ موٹر وے پر امین پور کے قریب ٹریلر سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں فیصل صالح حیات اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔

حادثے کے فوراً بعد موٹر وے پولیس نے فیصل صالح حیات اور اٴْن کے ڈرائیور کو الائیڈہسپتال منتقل کردیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اکمل حسین نے بتایا کہ فیصل صالح کو ہونٹ،سر،چہرے اور پیشانی پر زخم جبکہ دائیں کلائی فریکچر ہے جس کے باعث انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل صالح کی حالت خطرے سے باہر ہے ، حالت سمبھلنے پر انہیں وارڈ میں منتقل کر دیا جائے گاجبکہ ان کے ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب موٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی دانش کلیار کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت دونوں گاڑیاں چل رہیں تھیں۔مخدوم فیصل صالح حیات کی گاڑی کے ساتھ ان کی سکیورٹی اور فیملی کی گاڑیاں بھی تھیں، تاہم خطرناک حادثے کے باوجود فیصل صالح حیات کی زندگی معجزانہ طور پر محفوظ رہی ہے۔