خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے، عوامی فلاح و بہبود کا کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا،" اپنا گھر ہاوسنگ اسکیم "کی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جو جلد وزیر اعظم کو پیش کردی جائیگی

وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعرات 4 مئی 2017 16:46

خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے، عوامی فلاح و بہبود کا ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2017ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی حکومت نے ابھی تک کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا۔ پی ٹی آئی میں الزامات لگانے والے شخص کو پسند کیا جاتا ہے اور عمران خان اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

" اپنا گھر ہاوسنگ اسکیم "کی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جو جلد وزیر اعظم کو پیش کردی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اے پی پی سے یہاں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی رہائش کا مسئلہ کراچی سمیت پورے ملک میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے وزارت کا منصب سنبھالا تو وزیر اعظم سے درخواست کی تھی کہ سرکاری ملازمین کے ہاوس رینٹ میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے مگر سیلاب اور آئی ڈی پیز کی وجہ سے صرف 35 فیصد اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہماری کوشش ہوگی کہ اس میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے پہلے صرف 23 ہزار ملازمین کو پلاٹس اور فیلٹس دیئے گئے جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں موثر حکمت عملی کے تحت 55 ہزار سرکاری ملازمین کو آفر لیٹرز جاری کیے گئے ہیں یہ ایک ریکارڈ ہے اور ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی نے صرف پانچ ہزار فلیٹس تیار کئے تھے جبکہ ہم گذشتہ 3 سالوں میں 7 ہزار سے زائد فلیٹس کا افتتاح کر چکے ہیں مزید 3 ہزار فلیٹس تیاری کے مرحلے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی اپنا گھر ہاوسنگ اسکیم کا مجھے چیئرمین بنایاگیا ہے اور میرے ساتھ وفاقی وزیر احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، جنرل (ر) عبدالقادر اور فواد حسن اس منصوبہ پر کام کررہے ہیں۔ اکرم درانی نے کہا کہ اسکیم کی رپورٹ تیار ہوچکی ہے جو جلد وزیر اعظم کو پیش کردی جائے گی اور وزیر اعظم کی اجازت کے بعد اس پر باقاعدہ کام کا آغاز کیا جائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ یہ اسکیم صرف اسلام آباد کے لئے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو صرف 2 لاکھ روپے ڈاون پیمنٹ دینی ہوگی بقیہ اقساط 20 سال میں 10000 روپے ماہوار کے حساب سے لی جائیگی۔ انہو ں نے کہا کہ خیبر پختخوا میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا اور گذشتہ 4 سالوں میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک بھی میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیاگیا۔ عمران خان کراچی میں لمبی لمبی تقاریر کر کے خیبر پختونخواحکومت کے گن گاتے ہیں مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ عمران خان اس شخص کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں جو زیادہ الزمات لگانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کے کرپشن کے الزامات کو غلط ثابت کروں گا۔

متعلقہ عنوان :