چین کی اقتصادی ترقی تمام ممالک کیلئے فائدہ مند :سن وی ڈونگ

بجلی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون کر رہے ہیں، چینی سفیرکا سیمینار سے خطاب چین اور پاکستان گہرے دوست ہیں ، سی پیک سے چاروں صوبوں میں ترقی ہوگی، مشاہد حسین سید

جمعرات 4 مئی 2017 17:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2017ء) چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین کی اقتصادی ترقی کسی کیلئے خطرے کا باعث نہیں بلکہ تمام ممالک کے لئے فائدہ مند ہوگی ، سی پیک موثر اور تیزی سے مکمل ہونے والا تاریخی منصوبہ ہے ، اس کے تحت 2018 تک انرجی سمیت دیگرمنصوبے مکمل ہو جائیں گے ، گوادر پورٹ سی پیک کا اہم ترین منصوبہ ہے اس پر تیزی سے کام جاری ہے ، بجلی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان سے مکمل تعاون کر رہے ہیں ، روڈ اینڈ بیلٹ انٹرنیشنل فورم کانفرنس 14 سے 15مئی تک بیجنگ میں ہو گی ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور وزیر اعظم نواز شریف سمیت 28 ممالک کے سربراہان 110 ممالک کے نمائندے ، 61 ممالک کی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

سی پیک پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ چین اور پاکستان گہرے دوست ہیں ، سی پیک سے چاروں صوبوں میں ترقی ہوگی ، یہ منصوبہ قومی اتحاد اور یکجہتی کا منصوبہ بن گیا ہے ، پارلیمنٹ ، فوج اور میڈیا اس منصوبے پر ایک جیسی سوچ رکھتے ہیں۔ وہ مقامی ہوٹل میں ون بیلٹ ون روڈ سے متعلق بیجنگ سربراہی کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ، تقریب میں ار کان پارلیمنٹ غیر ملکی سفرا اور دفتر خارجہ کے افسران بھی شریک ہوئے۔