بھٹو کا واسطہ ،شہباز شریف کا واسطہ ،پیچھے ہٹ جائیں،بیٹھ جائیں ‘ پیپلزپارٹی کا ناصر باغ میں احتجاجی جلسہ شدید بد نظمی کا شکار

اسٹیج پر جیالوںکے قبضے کے باعث رہنمائوں کو ڈائس تک پہنچنے ،خطاب کرنے میں مشکلات ، قمر زمان کائرہ پنڈال میں جاکرمنتیں کرتے رہے

جمعرات 4 مئی 2017 19:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کا لوڈ شیڈنگ کے خلاف ناصر باغ میں منعقدہ احتجاجی جلسہ شدید بد نظمی کا شکار رہا ،جیالوں کو منظم کرنے کیلئے بھٹو شہید کے بعد شہباز شریف کا واسطہ بھی دیا گیا تاہم کارکنوں نے کسی رہنما کی ایک نہ سنی ، وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ پنڈال میں جا کر جیالوں کی منتیں کرتے رہے ، اسٹیج پر جیالوں کے قبضے کے باعث رہنمائوں کو ڈائس تک پہنچنے اور خطاب کرنے میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ناصر باغ میں منعقدہ احتجاجی جلسے میں بھی بد نظمی کے حوالے سے اپنی تاریخ دہرائی جس کے باعث رہنمائوں اور منتظمین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دینے والے وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن کارکنوں کو اسٹیج سے پیچھے ہٹنے اور بیٹھنے کے لئے بار بار اپیل کرتے رہے لیکن کسی نے ان کی ایک نہ سنی ۔

(جاری ہے)

ایک موقع پر انہوں نے کہا کہ جو جو بھٹو کے ماننے والے ہیں وہ پیچھے ہٹ جائیں اور بیٹھ جائیں آپ کو بھٹو کا واسطہ ہے ۔ اس کے بعد انہوںنے کہا کہ آپ کو شہباز شریف کا واسطہ ہے ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجابکے صدر قمر زمان کائرہ پنڈال میں جا کر کارکنوں کو بیٹھنے کے لئے منتیں کرتے رہے لیکن انہیں ناکامی کا سامنا رہا اور وہ واپس اسٹیج پر آ گئے۔ منتظمین کی بے بسی کے باعث کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اسٹیج اور ڈائس کے آس پاس جمع ہو گئی جس کے باعث خطاب کرنے کے لئے آنے والے رہنمائوں کو دھکم پیل کا سامنا کرنا پڑا ۔ سید خورشید شاہ سمیت دیگر رہنمائوں کے خطابات کے دوران بھی جیالے خاموش نہ ہوئے اور شور شرابہ کرتے رہے ۔