فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ مزید تین خطرناک دہشتگردوں کو پھانسی دیدی گئی

تینوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، شہریوں ،سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل ،مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

جمعرات 4 مئی 2017 19:57

فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ مزید تین خطرناک دہشتگردوں کو پھانسی دیدی ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2017ء) فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ مزید تین خطرناک دہشتگردوں کو پھانسی دیدی گئی، تینوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور وہ شہریوں ،سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل ،مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ مزید تین خطرناک دہشتگردوں کوجمعرات کو پھانسی دیدی گئی ۔

یہ دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل ، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں سمیت دہشتگردی کے سنگین جرائم میں ملوث تھے ۔ دہشتگرد حسن ڈار ولد محمد رحیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال رکن تھا وہ ایک شہری کے قتل پر اکسانے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجہ میں ایک پولیس کانسٹیبل کی جان ضائع ہوئی ۔

(جاری ہے)

اس کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اسے موت کی سزا سنائی گئی۔ پھانسی پانیوالا دوسرا دہشتگرد عمر زادہ ولد گل رحمان بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال رکن تھا وہ پاکستان کی مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجہ میں فوجیوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور زخمی ہوئے ۔

اس کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور اسے موت کی سزا سنا ئی گئی۔ پھانسی پانیوالا تیسرا دہشتگردحضرت علی ولد فضل ربی بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال رکن تھا وہ بارودی سرنگیں نصب کرنے اور شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ مسلح افواج پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔ اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اوراسے موت کی سزا سنائی گئی ۔