حج قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے درخواست گزار اپنی رقوم اپنے متعلقہ بینکوں سے واپس لے لیں، وزارت مذہبی امور

جمعہ 5 مئی 2017 13:21

حج قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے درخواست گزار اپنی رقوم اپنے متعلقہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2017ء) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت حج قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی رقوم اپنے متعلقہ بینکوں سے واپس لے لیں ۔ وزارت کے پاس کوئی ایسی سکیم یا کوٹہ نہیں ہے جس کی بناء پر انہیں امید دلائی جاسکے۔ جمعہ کو وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ حج2017ء کی قرعہ اندازی کے بعد وزارت مذہبی امور نے قرعہ اندازی میں کامیاب ، ناکام اور ویٹنگ لسٹ میں شامل 17ہزار درخواست گزاروں کو خطوط اور ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاعات فراہم کردی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہو نے والے درخواست گزاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ 10مئی تک پاسپورٹ اپنے بینک کی متعلقہ برانچ میں جمع کرا دیں جبکہ ناکام درخواست گزاروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی کی بھی باتوں میں آئے بغیر اپنی رقوم بینکوں سے واپس نکلوا لیں کیونکہ وزارت کے پاس کوئی ایسی سکیم یا کوٹہ نہیں ہے جس کی بناء پرانہیں سرکاری سکیم کے تحت حج کی کوئی امید دلائی جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزارت مذہبی امور کو ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بعض عناصر ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کو یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اپنی رقوم ابھی بینکوں سے واپس نہ نکلوائیں ان کا کسی نہ کسی طریقے سے کوئی نہ کوئی انتظام ہو جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکام رہنے والے درخواست گزار اس طرح کی باتوں میں ہرگز نہ آئیں ۔ وزارت مذہبی امور نے 17ہزار کی ویٹنگ لسٹ میں موجود کامیاب درخواست گزاروں کو بھی خطوط اور ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیابی سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہے کیونکہ سندھ ہائی کورٹ میں پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کی تنظیم ہوپ نے 60 اور 40 فیصد تناسب کو چیلنج کررکھا ہے ۔

اگر فیصلہ وزارت مذہبی امور کے حق میں آگیا تو یہ 17ہزار افراد بھی سرکاری سکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب تصور کئے جائیں گے اور رواں سال حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :