ایندھن کی تسلسل سے فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، گورنر سندھ

وسائل اور بھرپور اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، ایندھن کی بلا تعطل فراہمی عوامی مفاد میںہے،محمد زبیر ڈیلرز کے مسائل حل کرائیں گے ، پاکستان پیٹرولیم اور سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشنزوفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 5 مئی 2017 18:33

ایندھن کی تسلسل سے فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ پٹرول اور دیگر ایندھن عوام کی بنیادی ضرورت ہے جس کی تسلسل سے فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں بھرپور اقدامات کو یقینی بنائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی پیداوار اور روز مرہ کے امور کی انجام دہی میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی عوامی مفاد میں شامل ہے جس کے لئے بھرپور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان پیٹرولیم اور سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے چیئر مین عبد السمیع خان کی سربراہی میں آنے والے 15 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں صوبہ بھر میں پیٹرول کی فراہمی،آئل ٹینکرز کے مسائل ،پیٹرولیم اور سی این جی ڈیلرز کو درپیش مشکلات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ پیٹرولیم اور سی این جی ڈیلرز کے مسائل پر متعلقہ اداروں سے بات کروں گاتاکہ پٹرول اور سی این جی ڈیلرز بلا کسی رکاوٹ کے پٹرول اور سی این جی کی عوام کو فراہمی یقینی بنا سکیں ۔ ملاقات میں چیئر مین عبد السمیع نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ایندھن لانے والے ٹینکرز کو بلا وجہ تنگ کیا جا رہا ہے ، ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ٹینکرز کو بلا وجہ تنگ کرنے والے اہلکاروں سے باز پرس اور فیول اسٹیشنز کو ایندھن اور چونکہ ایل این جی مہنگی پڑتی ہے اس لئے نیچرل گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :