حاجی قیصرامین بٹ کی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے ملاقات

اے کیوخان ٹرسٹ ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا ازسرنو جائزہ ، دیگر امور بھی زیر غور

جمعہ 5 مئی 2017 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے سینئر رہنما، وائس چیئرمین اے کیوخان ہسپتال، سابق ممبرصوبائی اسمبلی اور چیئرمین پیراگون سٹی حاجی قیصرامین بٹ القادری نے معروف ایٹمی سائنسدان اور چیئرمین اے کیوخان ٹرسٹ ہسپتال محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے خصوصی ملاقات کی ، ملاقات کے دوران راوی روڈ لاہور میں قائم اے کیوخان ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا ازسرنو جائز ہ لیا گیا ، جبکہ دیگر امور بھی زیر بحث رہے ، اس موقع پر سینئر لیگی رہنما حاجی قیصر امین بٹ کا کہنا تھاکہ ہسپتال میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں اور بہت جلد تمام تعمیراتی کام پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے اور اے کیوخان ٹرسٹ ہسپتال کو جدید ترین سہولتوں سے آراستہ کرکے عوام کی بے لوث خدمت کیلئے کھول دیا جائے گا، ان کا کہنا تھاکہ یہ ہسپتال اپنی نوعیت کا منفرد ہسپتال ہو گا جس میں غریب اور بے سہارا لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور عوامی خدمت کی عملی اور فکر ی مثال قائم کی جائے گی، ملاقات میں مستحسن رضا،ایم ڈی اے کیو خان ٹرسٹ ہسپتال شوکت ورک اور دیگر بھی شریک تھے۔