پاک فوج نے عوام کی طاقت کے ساتھ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کا قلع قمع کیا،میجرجنر ل سعید احمد ناگرہ

جمعہ 5 مئی 2017 21:59

چشتیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2017ء) جنرل آفیسر کمانڈنگ اوکاڑہ میجرجنر ل سعید احمد ناگرہ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے عوام کی طاقت کے ساتھ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کا قلع قمع کیا اور آج ملک کے ہر کونے میں پاکستانی پرچم لہرا رہا ہے اور پاک فوج نے چھپے ہوئے دھشت گردوں ، فسادیوں ،امن دشمن عناصر اور انکے سہولت کاروں کے خلاف ملک بھرمیں آپریشن رد الفساد شروع کیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمدہورہے ہیں۔

یہ بات انہوںنے بہاولنگر کینٹ میں آرمی پبلک سکول کے ہال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کمانڈر 57 بریگیڈ ہیڈکوارٹر بریگیڈیئر راحیل اورفوجی افسران کے علاوہ یونیورسٹی ، کالجز اور مدارس کے طلباء و طالبات ، اساتذہ کرام سول سوسائٹی کے افراد اور سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

میجر جنرل سعید احمد ناگرہ نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کو دوبارہ پنپنے کا موقع نہیں دے گی۔

دشمن ہمارے اندرونی اختلافات ،فرقہ واریت اور لسانی تعصبات کو ہوا دے کر ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے لیکن ہم نے ان تعصبات سے بالا تر ہوکر اپنے ملک کے تحفظ سلامتی اور خوشحالی کے لیے ملکر اقدامات کرنے ہیں ۔میجرجنر ل سعید احمد ناگرہ نے مزید کہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب،دین اور شریعت نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندانہ سوچ اور رویوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے اور ہمیں سب سے زیادہ توجہ تعلیم کی طرف مرکوز کرنی چاہیے۔ سیمینار میں میجر جنرل نے طلبا ء و طالبات کے سوالات کے جواب بھی دیے بعد ازاں حاضرین کے لیے مسلح افواج کے جنگی سازو سامان کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :