سرگودھا، صوبائی وزیر بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز کی گندم خریداری مرکز شاہ پو کا دورہ

کسانوں سے گندم کی خریداری او رمراکز پر کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین لنگڑیال کو شکایت کی انکوائری کرنے او رمسئلہ کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی

جمعہ 5 مئی 2017 23:05

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2017ء) صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی ‘ہائیر ایجوکیشن وماحولیات محترمہ ذکیہ شاہنواز نے گندم خریداری مرکز شاہ پو ر‘ مرکز نمبر 2سلانوالی روڈ اور آسیانوالہ مرکز فیصل آباد روڈ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے وہاں پر باردانہ کی تقسیم اور کسانوں سے گندم کی خریداری او رمراکز پر کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

آسیانوالہ گندم خریداری مرکز پر کسانوں نے صوبائی وزیر سے گندم نہ خریدنے کی شکایت کی جس پر انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین لنگڑیال کو شکایت کی انکوائری کرنے او رمسئلہ کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر موجود اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرنے محترمہ ذکیہ شاہنواز کو بتایا کہ گندم بارش زدہ او رسفید ہونے کے باعث حکومت پنجاب کے مقررہ معیار پر پوری نہیں اترتی ۔

(جاری ہے)

محترمہ ذکیہ شاہنواز نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ ثالثی کمیٹی کے ذریعہ فورا حل کرنے کی ہدایت کی ۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ حکومت کی پالیسی او رگندم کی کوالٹی کے بارے میں کسانوں کو بروقت آگاہ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے واضع کیاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گندم خریداری مراکز کسانوں کی سہولت کیلئے قائم کئے ہیں او روہ کسانوں کو ان کی محنت کا پائی پائی دلانے کیلئے مخلصانہ اقدام کر رہے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ سال کسانوں کو سفید بیج کی فراہمی سے گریز کیاجائے اور اگلے سال گندم خریداری کے موسم سے قبل کسانوں تک واضع پیغام پہنچایا جائے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز ثمر مل سکے او رانہیں پریشانی سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ دورہ کے دوران اے ڈی سی جی محمد ذوالقرنین لنگڑیال او راے سی سرگودہا سعید لغاری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اے ڈی سی جی محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ کسانوں کے مسئلہ کو آج ہی ضلعی ثالثی کمیٹی کے ذریعہ حل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :