سید خورشید احمد شاہ کیلئے توہین آمیز الفاظ کے استعمال پروزارت داخلہ کے ترجمان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع

معاملے کو فوری طور پر ایوان میں زیربحث لانے کا مطالبہ کردیا گیا

جمعہ 5 مئی 2017 23:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کیلئے توہین آمیز الفاظ کے استعمال پروزارت داخلہ کے ترجمان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کروا دی جس میں معاملے کو فوری طور پر ایوان میں زیربحث لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پاکستان پیپلز پارٹی نے وزارت داخلہ ترجمان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کروا دی۔

تحریک استحقاق سید نوید قمر، نواب یوسف تالپور،شازیہ مری, نفیسہ شاہ، میر اعجاز جاکھرانی اور عمران ظفر لغاری نے جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ سید خورشید احمد شاہ کیلئے وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جو الفاظ استعمال کئے گئے ہیں وہ انتہائی توہین آمیز اور بے بنیادہیں، توہین آمیز الفاظ اس ممبر کے لئے استعمال کئے گئے جو نہ صرف قائد حزب اختلاف بلکہ چیئرمین پی اے سی بھی ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایک سرکاری ملازم کی جانب سے قائد حزب اختلاف اور چیئرمین پی اے سی کے لئے ایسے الفاظ نہ صرف شایان شان بلکہ نازیبا اور استحقاق مجروح کرنے کے مترادف ہیں، وزارت داخلہ ترجمان کے الفاظ نہ صرف اخلاقی بلکہ غیر قانونی بھی ہیں۔تحریک استحقاق میں مطالبہ کیا گیا کہ معاملے کو مزید کارروائی کیلئے فی الفور ایوان میں زیر بحث لایا جائے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک