پرویز اشرف نے وزیراعظم سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

نوازشر یف کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ‘پیپلزپارٹی والوں اور (ن) لیگ والوں کیلئے الگ الگ قانون نہیں ہونا چاہیے ‘مجھ پر بے روز گاروں کو نوکر یاں دینے پر مقدمہ چل رہا ہے کیا بے روزگاروں کو نوکر یاں دینا جر م ہے بھارت صرف دھمکیاں دے رہا ہے افواج پاکستان اور پاکستانی قوم دشمن کا ہر وقت مقابلہ کر نے کیلئے تیار ہے بھارت کسی بھول کا شکار نہ رہے تو اچھا ہوگا‘ سابق وزیر اعظم کاپریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 6 مئی 2017 18:02

پرویز اشرف نے وزیراعظم سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کردیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2017ء) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے نوازشر یف سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشر یف کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ‘پیپلزپارٹی والوں اور (ن) لیگ والوں کے لئے الگ الگ قانون نہیں ہونا چاہیے ‘مجھ پر بے روز گاروں کو نوکر یاں دینے پر مقدمہ چل رہا ہے کیا بے روزگاروں کو نوکر یاں دینا جر م ہے بھارت صرف دھمکیاں دے رہا ہے افواج پاکستان اور پاکستانی قوم دشمن کا ہر وقت مقابلہ کر نے کیلئے تیار ہے بھارت کسی بھول کا شکار نہ رہے تو اچھا ہوگا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعداور پر یس کا نفر نس سے خطاب کر تے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستانی کے اندرونی حالات اور خصوصاً پڑوسی ممالک سے کشیدگی کے معاملات قابل تشویش ہیں ،ان معاملات کو سنبھالنے کیلئے اجتماعی سوچ کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

بد قسمتی سے حکمران آپس میں دست و گریبان ہیں اور سیاسی شخصیات ملکی سیاست کو جس نہج پر لے آئے ہیںجہاں پر رواداری ور رکھ رکھا ئو نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی افوج اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے الرٹ ہیں اور پوری قوم ان کی پشت پر ہے ،ہماری بہادر افواج اور قوم نے ملک کی حفاظت کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حکومت خارجہ محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور پڑوسیوں کے برتائو کی علامات اچھی نہیں ۔ بھارت کی طرف سے پاکستانی طلبہ کو واپس بھیجنا افسوسناک ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ۔

ہم اسی دوہرے معیار کی بات کرتے ہیں کہ جب آپ دوستیوں کے دعویدار ہوں تو ریاست کے معاملات ایسے نہیں چلتے اور ایسے میں ذاتی دوستیاں بے معنی ہو کر رہ جاتی ہیں اور ریاست کے مفادات کو مد نظر رکھنا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا رویہ کسی طرح بھی قابل قبول نہیں اگر بھارت کو کوئی گھمنڈ ہے کہ وہ پاکستان کو گزند پہنچا سکتا ہے تو وہ یہ بات اپنے دل سے نکال دے ،پاکستانی اپنی زمین کی انچ انچ کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقا رعلی بھٹو ، آصف علی زرداری ہوں یا محترمہ بینظیر بھٹو پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے او ریہ تاریخ کا حصہ ہے ۔ اگر پیپلز پارٹی کے وزرائے اعظم عدالت میں آ سکتے ہیںتو پھر سب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے ۔ ایک وزیر اعظم کے خلاف الگ اور دوسرے وزیر اعظم کیلئے الگ قانون نہیں ہونا چاہیے ۔ ایک طرف وزیر اعظم پر غریب عوام کو درجہ چہارم کی نوکریاں دینے کا الزام ہے جبکہ دوسری طرف وزیر اعظم کا کیا معاملہ ہے وہ سب کے سامنے ہے لیکن جو الزام لگایا جارہا ہے میں نے وہ جرم کیا ہی نہیں۔