پاک فضائیہ کے تحت ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خصوصی تعلیم کا افتتاح

تقریب پی اے ایف بیس لاہور میں ہوئی ، وزیراعلیٰ شہباز شریف مہمان خصوصی تھے ، پاک فضائیہ کے سربراہ بھی موجود تھے پاک فضائیہ اورپنجاب حکومت نے باہمی اشتراک سے ٹیچرز ٹریننگ کا بہترین ادارہ قائم کیا گیا ہے، شہباز شریف

ہفتہ 6 مئی 2017 20:02

پاک فضائیہ کے تحت ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خصوصی تعلیم کا افتتاح
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2017ء) پاک فضائیہ کے تحت ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خصوصی تعلیم کے افتتاح کی تقریب پی اے ایف بیس لاہور میں منعقد کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ اورپنجاب حکومت نے باہمی اشتراک سے ٹیچرز ٹریننگ کا بہترین ادارہ قائم کیا گیا ہے اوراس شاندار ادارے کے قیام پر ائیرچیف مارشل سہیل امان، پاک فضائیہ کے افسران،پنجاب کے وزیربرائے خصوصی تعلیم اوران کی ٹیم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت اورپاک فضائیہ نے ملکر جو شاندار ادارہ قائم کیا ہے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور اس شاندار ماڈل کو دوسرے صوبوں میں بھی اپنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی تعلیم سے وابستہ اساتذہ کی تربیت کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے کا قیام ایک شاندار سہولت ہے ۔یہ شاندار منصوبہ پاک فضائیہ کے افسران کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ پاک فضائیہ کے تربیتی عہد میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور اساتذہ کو بہترین تربیت دینے میں اعلیٰ کردار ادا کرے گا۔ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خصوصی تعلیم، پاکستان ائیر فورس ویمن ایسوسی ایشن (پفوا) کے تحت ایک ایسا پراجیکٹ ہے جس کا مقصد مستقبل کے اساتذہ کو بہتر تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔