یوسف رضا گیلانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنیوالے نواز شریف آج کن اخلاقیات کے تحت اقتدار پر براجمان ہیں ‘ راجہ پرویز اشرف

موجودہ حالات میں حکومت کی مدت پوری ہوتی ہوئی نظر نہیں آرہی ،آئندہ پیپلز پارٹی عوامی طاقت سے اقتدار میں آئے گی‘ پریس کانفرنس

ہفتہ 6 مئی 2017 20:08

یوسف رضا گیلانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنیوالے نواز شریف آج کن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2017ء) سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میںیوسف رضاگیلانی کو اخلاقیات کا درس دے کر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے والے آج کن اخلاقیات کے تحت اقتدار پر براجمان ہیں ، موجودہ حالات میں حکومت کی مدت پوری ہوتی ہوئی نظر نہیں آرہی اور قبل از وقت انتخابات ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں،آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی عوامی طاقت سے اقتدار میں آئے گی ۔

گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما اشرف بھٹی کی رہائشگاہ پرپریس کا نفرنس کرتے ہو ئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار قوم کو حقیقت بتانے کی بجائے دھوکہ دے کر آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں،پیپلز پارٹی کے دور میں شروع ہونے والے رینٹل پاور پراجیکٹس کو نام تبدیل کرکے چلایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا اور آئندہ عام انتخابات میں عوام ان سے ضرور سوال کریں گے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پہلے کی طرح آج بھی پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے لیکن ہم اس سے پہلے گھبرائے ہیں اور نہ آئندہ کی کوئی کیفیت اپنے اوپر طار ی ہونے دیں گے ۔پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عدالتوں کا احترام کیا اور سر نگو رہے ۔ عدالتوں کے احترام کے حوالے سے پیپلز پارٹی ایک تاریخ رکھتی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے وزرائے اعظم عدالتوں کے سامنے پیش ہوئے اور آج بھی ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پیپلز پارٹی دور حکومت میں وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی سے متعلق اخلاقیات کا درس دیا تھا اور کہا تھاکہ الزامات ہوتے ہوئے انہیں اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو جانا چاہیے اور خود کو کلیئر قرار دلوا کر دوبارہ منصب سنبھال لیں ۔ آج ہم سوال کرتے ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف کن اخلاقیات کے تحت اقتدارپر براجمان ہیں۔

موجودہ حالات میں وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی نہ ہوئے تو جے آئی ٹی پر انگلیاں اٹھیں گی اور دوہرا معیار قائم ہوا تو اداروں پر سوالیہ نشان لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پر بڑے بڑے الزامات ہیں لیکن آج تک احتساب کے اداروں نے انہیں ایک بھی نوٹس نہیں بھجوایا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کمزور ہوگئی ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔2018 پیپلز پارٹی کا سال ہے اور عوامی طاقت سے دوبارہ برسراقتدار آ کر عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کریں گے ۔