شاہد آفریدی پنجاب میں نئے بننے والے گرائونڈز میں نوجوان کرکٹرز کو تربیت دیں ‘ وزیر کھیل پنجاب کی پیشکش

ایم سی کے گرائونڈ میں کرکٹ اکیڈمی قائم کریں ،ہر ممکن مدد فراہم کریں گے‘ میئر کراچی وسیم اخترکا اعلان

اتوار 7 مئی 2017 14:40

شاہد آفریدی پنجاب میں نئے بننے والے گرائونڈز میں نوجوان کرکٹرز کو تربیت ..
لاہور/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2017ء) پنجاب کے وزیر کھیل و امور نوجوانان جہانگیر خانزادہ نے آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کو پنجاب میں نئے بننے والے گرائونڈز میں نوجوان کرکٹرز کو تربیت دینے کی پیشکش کردی جبکہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی کہا ہے کہ کرکٹر شاہد آفریدی کو کرکٹ اکیڈمی کے لیے جگہ دینے کیلئے تیار ہیں۔

شاید آفریدی کا ہفتہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھاکہ سندھ حکومت سے کرکٹ اکیڈمی کے لئے زمین مانگی لیکن اس سے انکار کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پنجاب کے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاید خان آفریدی ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جانا چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں نئے گرائونڈز بنائے جارہے ہیں ہم انہیں پیشکش کرتے ہیں کہ وہ آئیں ہمارے ساتھ بات کریں اور ان گرائونڈز میں نوجوان کرکٹرز کو تربیت دیں ۔

میئر کراچی وسیم اختر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہد آفریدی کو کرکٹ اکیڈمی کے لئے جگہ دینے کے لئے تیار ہیں۔شاہد آفریدی کے ایم سی کے گرائونڈ میں کرکٹ اکیڈمی قائم کریں وہ اس کے لئے شاہد آفریدی کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔