بگ تھری کے خاتمے پر آئی سی سی کو دھمکیاں دینے والے بی سی سی آئی کے ہوش ٹھکانے آگئے

بھارتی کرکٹ بورڈ کاچیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ ، ایونٹ کیلئے بھارتی سکواڈ کا اعلان (آج) کیا جائے گا بی سی سی آئی اجلاس میں آئی سی سی کو قانونی نوٹس نہ بھیجنے پر اتفاق، مالی امور پر آئی سی سی سے بات چیت جاری رکھی جائیگی

اتوار 7 مئی 2017 20:10

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2017ء) بگ تھری کے خاتمے پر آئی سی سی کو دھمکیاں دینے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ہوش ٹھکانے آگئے،بھارتی کرکٹ بورڈ نے بالآخر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے ، ایونٹ کیلئے بھارتی سکواڈ کا اعلان (آج)پیر کو کیا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق دہلی میں بی سی سی آئی کی خصوصی جنرل میٹنگ ہوئی جس میں متفقہ طور پر بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو قانونی نوٹس نہ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مالی امور پر آئی سی سی سے بات چیت جاری رہے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت 8 ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا جس کیلئے ویرات کوہلی کی زیرقیادت ٹیم کااعلان پیر کوکیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ یکم سے 18 جون تک انگلینڈ میں منعقد ہوگا جس میں بھارت اعزاز کا دفاع کرے گا۔

چیمپئنزٹرافی میں شریک 8 ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر ہر ٹیم سے ایک ایک میچ کھیلیں گی۔ 4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا اہم ترین مقابلہ روایتی حریف پاکستان اوربھارت کے درمیان چار جون کو برمنگھم میں ہوگا۔واضح رہے کہ اجلاس سے قبل ایجنڈے میں بھی میگا ایونٹ سے بائیکاٹ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا اور سپریم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز نے بورڈ کے ایسٹ اور نارتھ زون کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی جس میں چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی تجویز مسترد کر دی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا میں ایونٹ کیلیے پیر کو ٹیم کے اعلان کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ بورڈ سیکرٹری امیتابھ چودھری نے سلیکشن پینل کی میٹنگ(آج) پیر کو طلب کی ہے جس کے بعد ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔