پنجاب حکومت نے شاہد خان آفریدی کو صوبے میں کر کٹ اکیڈمی قائم کرنے کیلئے زمین کی پیشکش کر دی

پنجاب میں کسی بھی شہر اور کسی بھی گرا ئونڈ پر آپ اکیڈمی بنا سکتے ہیں، پنجاب حکومت اکیڈمی کے قیام میں ہر ممکن مدد کریگی،پنجاب سپورٹس کمیٹی کے سربراہ حنیف عباسی کی شاہد آفریدی سے ٹیلی فونک گفتگو

اتوار 7 مئی 2017 20:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2017ء) پنجاب حکومت نے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو صوبے میں کر کٹ اکیڈمی قائم کرنے کیلئے زمین کی پیشکش کر دی۔پنجاب سپورٹس کمیٹی کے سربراہ حنیف عباسی نے شاہد خان آفریدی کو ٹیلی فون کر کے اکیڈمی کیلئے زمین کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کسی بھی شہر اور کسی بھی گرا ئونڈ پر آپ اکیڈمی بنا سکتے ہیں، پنجاب حکومت اکیڈمی کے قیام میں ہر ممکن مدد کریگی ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیرکھیل سردار محمد بخش مہر کی جانب سے زمین دینے پر آمادگی کے بعد پنجاب میں کرکٹ اکیڈمی کی تعمیر کیلئے زمین دینے کی پیشکش بھی کردی گئی ہے۔ن لیگ کے رہنما اورپنجاب سپورٹس کمیٹی کے سربراہ حنیف عباسی اور قومی کرکٹر کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا اور ن لیگی رہنما نے زمین کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ آفریدی پنجاب میں کسی بھی شہر اور کسی بھی گرانڈ پر اکیڈمی بنا سکتے ہیں اور اس مقصدکیلئے کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آفریدی کے سندھ حکومت سے کرکٹ اکیڈمی کے لئے جگہ نہ دینے کی شکایت کے بعد میئر کراچی سید وسیم اختر نے زمین دینے کی پیشکش کی تھی جبکہ سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے بھی زمین دینے کیلئے آمادگی کا اظہار کیا تھا۔