میئر کراچی نے شاہد آفریدی کو کرکٹ اکیڈمی کیلئے جگہ دینے کا اعلان کردیا

شاہد آفریدی ایک عظیم کھلاڑی اور قومی ہیرو ہیں وہ اگر اس سے کھیل کراچی کے نوجوانوں کی تربیت کرنا چاہتے ہیں تو اس سے بہتر کوئی بات نہیں ، وسیم اختر میئر کراچی کی پیشکش پر شاہد آفریدی کا اظہار تشکر جلد ملاقات کرکے جگہ کا تعین کرنے کا فیصلہ

اتوار 7 مئی 2017 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے معروف کرکٹر شاہد آفریدی کو کراچی میں کرکٹ اکیڈمی بنانے کے لئے جگہ دینے کا اعلان کردیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شاہد آفریدی نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک طویل عرصے سے حکومت سندھ سے درخواست کر رہے ہیں کہ انہیں کرکٹ اکیڈمی کے لئے جگہ فراہم کی جائے لیکن انہیں حکومت سندھ کی جانب سے جواب دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کچھ نہیں کرسکتے، میئر کراچی وسیم اختر کو جب یہ خبر ملی تو انہوں نے فوری طور پر شاہد آفریدی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں پیشکش کی کہ وہ کراچی میں جہاں چاہیں گے انہیں کرکٹ اکیڈمی کے لئے جگہ فراہم کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی ایک عظیم کھلاڑی اور قومی ہیرو ہیں وہ اگر اس سے کھیل کراچی کے نوجوانوں کی تربیت کرنا چاہتے ہیں تو اس سے بہتر اور کوئی بات نہیں، انہوں نے کہا کہ یہ ناانصافی ہے کہ کرکٹ اکیڈمی کے لئے شاہد آفریدی کو جگہ فراہم نہ کی جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں لاتعداد نوجوان شاہد آفریدی اور کرکٹ سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور اس کھیل میں اپنا نام پیدا کرنا چاہتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ کراچی میں شاہد آفریدی کی سربراہی میں کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائے، میئر کراچی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں شاہد آفریدی نے اس پیشکش پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلد ہی ان سے ملاقات کریں گے اور جگہ کے تعین کے لئے میئر کراچی کے ساتھ دورہ بھی کریں گے، شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں سندھ حکومت کے رویے پر شدید افسوس ہوا ہے کہ وہ کھیلوں کو فروغ دینا نہیں چاہتی۔

#