حبیب میٹرو لائنز نے جوبلی لائف انشورنس پولو کپ جیت لیا

اتوار 7 مئی 2017 21:50

اسلام آباد۔7 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2017ء) اسلام آباد پولو گرائونڈ میں کھیلا گیا جوبلی لائف انشورنس کپ حبیب میٹرو لائنز نے جیت لیا۔ حبیب میٹرو لائنز نے ایک سخت مقابلے کے بعد آسیان پولو کلب کو پانچ کے مقابلے میں چھے گول سے شکست دی۔ فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے انعامات تقسیم کئے۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں پولو کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے ، اسلام آباد کے لوگ پولو میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں، کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق اسلام آباد کا پولو گرائونڈ دنیا کے بہترین پولو گرائونڈز میں سے ایک ہے ، پولو کے فروغ کیلئے حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیموں نے شرکت کی جن میں پی بی جی۔ کالا باغ ۴،حبیب میٹر و لائنز، آسیان پولو کلب، ڈومینئین پو لو کلب اور پی اے ایف کی ٹیمیں شامل تھیں۔ پول میچوں میں سب سے زائد پوائنٹ حاصل کرنے والی دو ٹیموں نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ دو نوں ٹیموں میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑی شامل تھے جنھوں نے شائقین کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

فائنل میں عون رضوی، احمد علی اور ارسلان نے خصوصاًبہترین کھیل پیش کیا اور گول سکور کئے۔فائنل دیکھنے کیلئے اسلام آباد میں موجود غیر ملکیوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ بہترین کھیل کی بنیاد پر حبیب میٹرو لائنز کے کھلاڑی عون رضوی کو خصوصی انعام دیا گیا ، وہ 2016میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ٹورنامنٹ انتظامیہ نے بتایا کہ پاکستان میں پولو کے دو سیزن ہوتے ہیں، پہلا سیزن فروری سے شروع ہو کر جون تک جاری رہتا ہے جبکہ دوسرا سیزن ستمبر سے شروع ہو کر موسم سرما تک جاری رہتا ہے۔ جوبلی لائف انشورنس پولو کپ موجودہ سیزن کا اسلام آباد میں چھٹا ٹورنامنٹ تھا۔

متعلقہ عنوان :