پاک بھارت کشیدگی ،

پی آئی اے نے کراچی سے ممبئی کے لئے اپنی پروازیں معطل کر دیں فیصلے کی وجہ کشیدگی نہیں روٹ پر ٹر یفک حجم کی کمی ہے ، گزشتہ چھ ما ہ سے اس روٹ پر خسا رے کا سامنا تھا ،پی آ ئی اے انتظا میہ

پیر 8 مئی 2017 16:39

پاک بھارت کشیدگی ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2017ء) پاک بھارت کشیدگی کے باعث قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کراچی سے ممبئی کے لئے اپنی پروازیں معطل کر دیں ۔ قومی ایئرلائن کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ پیر سے کراچی سے ممبئی کے لئے پی آئی اے کی فلائٹ معطل کی گئی ہیں تاہم عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ اس روٹ پر ٹریفک حجم انتہائی کم ہونا تھا ۔

پی آئی اے کی ہفتے میں پیر اور جمعرات کے روز کراچی سے ممبئی کے لئے دو فلائیٹس روانہ ہوتی تھیں تاہم پی آئی اے کی لاہور سے دہلی کے لئے فلائٹ ٹریفک حجم اس روٹ پر اطمینان بخش ہونے کے باعث جاری رہیگی ۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ کراچی سے ممبئی روٹ کو لاہور دہلی روٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کراچی سے ممبئی اور ممبئی سے کراچی کے لئے 8 اپریل سے کوئی پرواز نہیں گئی اور اس روٹ پر فلائٹ کی بکنگ بھی بند ہے ۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کی انتظامیہ نے یہ فیصلہ کراچی ممبئی روٹ پر ٹریفک کا حجم انتہائی کم ہونے کی بنیاد پر کیا ہے کیونکہ گزشتہ چھ ماہ سے قومی ایئرلائن کو اس روٹ پر بھاری مالی خسارے کا سامنا تھا ۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اس روٹ پر سپیشل سبسڈی نہیں دی جا رہی جس سے مستقبل میں بھی اس کے بحالی کے امکانات کم ہیں تاہم پی آئی اے کی انتظامیہ نے ان میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث یہ پروازیں معطل کی گئی ہیں ۔ پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام خالصتاً کمرشل بنیادوں پر اٹھایا گیا ہے ۔ کشیدہ تعلقات کا بلواسطہ اس سے کوئی تعلق نہیں ۔

متعلقہ عنوان :