لاہور:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ان پر سیلز ٹیکس میں اضافے پر وفاقی حکومت اور اوگرا سے جواب طلب

عدالت اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے، درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی لاہور ہائیکورٹ میں استدعا

پیر 8 مئی 2017 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ان پر سیلز ٹیکس میں اضافے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور اوگرا سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے تحت پٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 34 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت قانون کے برعکس ایک ماہ کی بجائے ہر پندرہ دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کر رہی ہے جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ان مصنوعات کے سیلز ٹیکس میں کیے گئے اضافے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور اوگرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔(ایم خالد)