وفاقی حکومت وزیر اعظم کی قیادت میں بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر میگا منصوبوں پر کام کررہی ہے ،عبدالقادر بلوچ

سی پیک سے صوبے کی تقدیر بدل جائیگی ،تجارتی شعبوں میں بلوچستان سمیت پورا ملک نمایاں کردار ادا کریگا ،وفاقی وزیر سرحدی امور کا دریائے بڈو پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 8 مئی 2017 22:08

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2017ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر سرحدی امور جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بلوچستان کی پسماندگی کو ختم کرنے کیلئے صوبے میں بڑے پیمانے پر میگا منصوبوں پر کام کررہی ہے سی پیک سے بلوچستان میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران میں وفاقی حکومت کی فنڈز سے بننے والے دریائے بڈو پل کی افتتاح کے موقع پر کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر خاران قادر بخش پرکانی سمیت دیگر سرکاری حکام اور علاقائی معتبرین موجود تھے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ خاران دریائے بڈو پل میری تجویز پر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت کے توسط سے 17 کروڈ روپے کی لاگت سے کم وقت میں مکمل ہوا۔

(جاری ہے)

پل کے معیاری اور بروقت کام پر متعلقہ کام کرنے والے کمپنی اور انجینئرز کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پل کی تعمیر سے قبل بارشوں اور سیلابی ریلوں کے موقع پر خاران شہر اور دیگر علاقوں سے ضلع کے سینکڑوں دیہی علاقوں کا آمد رفت کا سلسلہ کئی ہفتوں تک معطل رہتا تھا ،جس سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو اپنے مریضوں کے علاج معالجہ ،اشیاء خوردنوش اور دیگر ضروریات کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا رہتا تھا مگر اب دریائے بڈو پل بننے کے باعث ضلع کے تمام دیہی علاقوں کا رابطہ سٹرک بحال ہوگا ۔

وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ سی پیک سے بلوچستان کی تقدیر بدل جائیگی اورتجارتی شعبوں میں بلوچستان سمیت پورا ملک نمایاں کردار ادا کریگا ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی دلچسپی سے وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی خاص کر دوردراز علاقوں میں عوام کی خوشحالی کے حوالے سے اہم میگا منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔