عوام جوش کی بجائے ہوش سے کام لیکرسیاسی رہنماؤں کا احتساب کریں، قلندر لودھی کی گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں،ہارون بشیر بلور

پیر 8 مئی 2017 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے قلندر لودھی کی گاڑی پر عوام کے ہجوم کی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں برداشت کا مادہ ہونا ضروری ہے اور عوام جوش کی بجائے ہوش سے کام لیتے ہوئے سیاسی رہنماؤں کا احتساب کریں۔ وہ پیر کو جاری کردہ بیان میں اظہار کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کے حلقے کے عوام غصے میں حق بجانب ہیں تاہم اس ہجوم میں شامل دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو اس قسم کے ہتھکنڈے زیب نہیں دیتے ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں کی قیادت اپنے کارکنوں کی حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کریں گی،انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تشدد کا عنصر بڑھتا جا رہا ہے جس سے انتہا پسندی کی سوچ کو فروغ مل رہا ہے ، ہارون بلور نے کہا کہ صوبائی وزیرسمیت جس رکن اسمبلی نے اپنے حلقے کو فراموش کیا ان کا احتساب آئندہ الیکشن میں ووٹ کے ذریعے کیا جائے ، اور عوام سیاست میں برداشت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے میانہ روی اختیار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوری انتقام کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ عوام آئندہ الیکشن میں اس امیدوار کو مسترد کر دیں ، انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ تاہم عزت و احترام سب کو دیا جانا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :