حکومت فوری طور پر اسلام آباد میں منصفانہ قانونِ کرایہ داری کا نفاذ کرے، اجمل بلوچ

پیر 8 مئی 2017 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2017ء) ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد اور مرکزی انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تاجر منصفانہ قانونِ کرایہ داری کی عدم موجودگی کی وجہ سے سخت مشکلات اور عدم تحفظ کا شکار ہیں،تین سال قبل وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اسلام آباد کے تاجروں کو خطاب کرتے ہوئے منصفانہ قانونِ کرایہ داری نافذ کرنے کا وعدہ کیا۔

جبکہ حکومتی رکنِ اسمبلی میاں عبد المنان نے اسمبلی میں ترمیمی بِل بھی پیش کر دیا تھا جو کہ قائم کمیٹی کے پاس ہے۔ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے قبل وزیر اعظم اپنا وعدہ پورا کریں اور اسلام آباد کا قانون کرایہ داری کا بل اسمبلی سے پاس کرانے کی ہدایت جاری کریں ۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز جی نائن کراچی کمپنی میں سپر سٹور کے افتتاح کے موقع پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مذید کہا کہ مجوزہ بِل میں کسی بھی فریق سے زیادتی نہیں ہو گی ۔ آئی ٹین کے تاجروں سمیت زبر دستی کی بے دخلیوں پر پابندی لگائی جائے ۔ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ ترمیمی بِل میں مصالحتی کمیٹی تجویز کی گئی ہے اور کرایہ داری کے تمام مسائل کمیٹی میں حل ہوں گے اور کسی بھی فریق کے ساتھ زیادتی نہ ہو گی۔

اس بِل میں مالکان رسید دینے کے پابند ہونگے اور ڈیفالٹر کی صورت میں کرایہ دار کو ایک موقع دیا جائے گا ۔ مجوزہ ترمیمی بِل میں مالکان جائیداد کرایہ داروں اور ضلعی انتظامیہ کی مشاورت شامل ہے۔ کرایہ داری کے قانون کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسلام آباد پاکستان کا مہنگا ترین شہر بن چکا ہے اور متوسط طبقہ کے لئے رہائش پذیر ہونا مشکل ہوتا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر جبری بے دخلیوں پر پابندی لگانے کے احکامات جاری کریں۔

متعلقہ عنوان :