مصر، اخوان المسلمون کے مرشدِ عام محمد بدیع کو عمر قید کی سزا

مقدمے میں ماخوذ دو اور افراد کو عمر قید اور پندرہ مدعا علیہان کو پانچ ،پانچ سال قید بامشقت کی سزا سنادی گئی

منگل 9 مئی 2017 12:54

مصر، اخوان المسلمون کے مرشدِ عام محمد بدیع کو عمر قید کی سزا
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2017ء) مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے متصل شہر جیزہ میں ایک فوجداری عدالت نے اخوان المسلمون کے مرشدِ عام محمد بدیع کو رابعہ آپریشنز روم کیس میں عمرقید کی سزا سنادی۔میڈیارپورٹس کے مطابق جیزہ کی اس فوجداری عدالت نے کونسلر معتز خفاجی کی سربراہی میں محمد بدیع اور دوسرے افراد کے خلاف مقدمے کی سماعت کی ۔

اس نے اسی مقدمے میں ماخوذ دو اور افراد کو عمر قید اور پندرہ مدعا علیہان کو پانچ ،پانچ سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔سزا پانے والوں میں مصری ایوان نمائندگان (قومی اسمبلی) کے سابق رکن حسن مالک کے بیٹے عمر مالک ،صحافی صلاح سلطان اور اخبار ’’یوم 7‘‘ کے مدیر ہانی صلاح الدین بھی شامل ہیں۔ عدالت نے اکیس افراد کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا ہے۔

(جاری ہے)

استغاثہ نے ملزمان پر متعدد الزامات عاید کیے تھے۔ان پر قانون شکنی کے مرتکب گروپ کی تشکیل اور اس کی قیادت ،ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش میں شرکت ،صدر ،وزیر دفاع اور متعدد ججوں کو گرفتار کرنے ، پولیس کی تنصیبات اور سرکاری اداروں میں دراندازی اور گرجا گھروں پر حملوں پر اکسانے ، انٹرنیٹ اور سیٹلائٹ چینلز کے ذریعے ملک کی داخلی صورت حال کے بارے میں جعلی خبریں اور ڈیٹا نشر کرنے اور مجاز حکام سے اجازت کے بغیر نشریاتی آلات حاصل کرنے سمیت مختلف الزامات میں فردِ جٴْرم عاید کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :