ایشین فٹبال کنفیڈریشن کا پاکستان فٹبال فیڈریشن کی2سالہ مدت کو مزید2سال بڑھانیکی سفارش کا فیصلہ

منگل 9 مئی 2017 14:14

ایشین فٹبال کنفیڈریشن کا پاکستان فٹبال فیڈریشن کی2سالہ مدت کو مزید2سال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2017ء) ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو دی جانے والی2سالہ مدت کو مزید2سال بڑھانے کی سفارش کا فیصلہ کر لیا۔گزشتہ روز اے ایف سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بحرین کے شہر مناما میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان بن خلیفہ کی زیر صدارت ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اے ایف سی کی اس مقصد کے لیے بنائی جانے والی ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں فیفا سے سفارش کی جائے گی کہ 30 جون2015 کو منعقدہ الیکشن کے نتیجے میں منتخب ہونے والی پی ایف ایف کی آئینی باڈی کو 2 کی بجائے مکمل 4 سال تک کام کرنے دیا جائے۔

واضح رہے کہ 2015 میں الیکشن کے بعد منتخب ہونے والی پی ایف ایف کو فیفا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے آئین میں ضروری تبدیلیوں کے بعد 2 سال بعد یعنی 2017 میں دوبارہ نئے الیکشن کروائے۔

(جاری ہے)

یوں فیفا کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی آئینی مدت4 سال کو الیکشنز کے لیے کم کر کے 2سال کر دیا گیا تھا جس کے دوران کچھ اہم آئینی تبدیلیاں کیا جانا مقصود تھا۔

مگر درحقیقت پی ایف ایف کے ہیڈ کوارٹرز لاہور اور اس کے بینک اکانٹس اس کی دسترس میں نہ ہونے کے باعث اس سمت میں کوئی کام نہ ہو سکا۔دوسری جانب اے ایف سی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جلد ایک اعلی سطح کا وفد پاکستان بھیجا جائے گا جو حکومت پاکستان سے ملاقات میں فٹبال کے معاملات میں کسی بھی جانب سے کی جانے والی مداخلت کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کرے گا۔

متعلقہ عنوان :