گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحوںکے حوالے سے این او سی کا معاملہ،غیرملکی سیاحوں کو درپیش دشواریوں کو جلد دور کر لیا جاے گا،غیر ملکی سیاحوں کے حوالے سے این او سی کا معاملہ گلگت بلتستان کی معیشت اور سیاحت کے حوالے سے بڑا نازک ہے اور اس کے گلگت بلتستان میں فروغ پاتی سیاحت کے حوالے سے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں

وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کابیان

منگل 9 مئی 2017 18:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے گلگت بلتستان میں سیاحت کی غرض سے آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے لیے این او سی لازمی قرار دینے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کے حوالے سے این او سی کا معاملہ گلگت بلتستان کی معیشت اور سیاحت کے حوالے سے بڑا نازک ہے اور اس کے گلگت بلتستان میں فروغ پاتی سیاحت کے حوالے سے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے پہلے ہی گلگت بلتستان کی سیاحت کے سیکٹر نے کافی مشکل وقت دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کی مخلص کوششوں کے باعث گلگت بلتستان میں مکمل امن قائم ہونے کے بعد وہاں سیاحت کی صنعت بے پناہ فروغ پا رہی ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ پچھلے سال دس لاکھ سے زاہد مقامی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا وزٹ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پرامن ماحول اور انفراسٹرکچر کی بہتری کی وجہ سے گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحت بھی بتاریج فروغ پا رہی ہے اور اس ضمن میں حکومت غیر ملکی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے بیشتر کا روزگار سیاحت کے شعبے سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے این او سی کے معاملے پر نظر ثانی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس حساس مسئلے کا ایسا حل نکالا جائے کہ جس سے پاکستان کی سیکورٹی کے معاملات کو نظر انداز کیے بغیر گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحت کا شعبہ مذید فروغ پائے انہوں نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ ناصرف گلگت بلتستان بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے ایک طرف پاکستان کی معشیت مضبوط ہو گی تو دوسری جانب دنیا میں پاکستان کا تشخص مذید مضبوط اور بہتر ہو گا۔ انہوں نے اِس اُمید کا اظہار کیا کہ اِس مسئلے کا جلد حل نکال لیا جائے گا اور غیر ملکی سیاحت کی حوالے سے دشواریوں کو دور کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :