چیئر مین پیمرا کی پریس کانفرنس سوچی سمجھی سازش ،مقصد اداروں کو دباؤ میں لانا ہے،قمر زمان کائرہ

اداروں کا نام بتائے بغیر شک ظاہر کرتے ہوئے آرمی چیف سے اپیل غلط روایت ہے پیپلز پارٹی کے ناراض کارکنان سے رابطے جاری ہیں ،خصوصی گفتگو

منگل 9 مئی 2017 21:55

چیئر مین پیمرا کی پریس کانفرنس سوچی سمجھی سازش ،مقصد اداروں کو دباؤ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیئر مین پیمرا کی پریس کانفرنس اچانک نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد اداروں کو دباؤ میں لانا ہے۔ چیئر مین پیمرا کی طرف سے اداروں کا نام بتائے بغیر شک ظاہر کرتے ہوئے آرمی چیف سے اپیل کرنا غلط روایت ہے۔ پیپلز پارٹی کے ناراض کارکنان سے رابطے جاری ہیں جس کے بعد ناراض کارکن پارٹی میں واپس آ گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کسی سرکاری ادارے کے سربراہ کی طرف سے پریس کانفرنس میں ملک کے چیف ایگزیکٹو، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مخاطب ہونا نا مناسب بات ہے۔ ایک طرف تو حکومت ٹویٹ کیخلاف ہے اور دوسری طرف سرکاری اداروں کے افسران اعلیٰ ترین اداروں سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ وزیراعظم سے ملاقات کا ٹائم نہیں ملا۔

(جاری ہے)

پھر وہ پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ وزیراعظم سے ملنے جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین پیمرا نے پریس کانفرنس میں سب کچھ کہہ بھی دیا اور عدالت سے باتیں بھی کر لیں کہ عدالتوں نے پیمرا کے اختیارات کو سلب کر لیا ہے اور عدالتوں کے اختیارات پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے اور پھر کہا کہ ہم درخواست دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس کرنا چیئر مین پیمرا کی ذہنی اختراع نہیں بلکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کی گئی ہے۔

پریس کانفرنس اچانک نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ناراض کارکنوں سے رابطے جاری ہیں بہت سے ناراض کارکن پارٹی میں واپس آ گئے ہیں اور بہت سارے آ رہے ہیں پنجاب کی پارٹی تنظیمیں شہروں ، گاؤں ارو قصبوں میں کارکنان سے رابطے کر رہی ہیں۔ کارکنوں سے رابطے کرنا ایک مسلسل عمل کا نام ہے جس پر قیاد تکی ہدایت کے مطابق عمل کیا جا رہا ہے۔(علی)