مصر، اردن، ملائیشیا، ترکی اور دیگر ممالک کے سفراء کا اسرائیلی مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

منگل 9 مئی 2017 22:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2017ء) مسلم ممالک مصر، اردن، کرغزستان، آذربائیجان، ملائیشیا، شام، ترکی، عمان، بوسنیا، سوڈان، الجزائر، کویت اور دیگر ممالک کے سفراء نے اسرائیلی مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے 65 سو فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

منگل کو نیشنل پریس کلب اور سنٹر آف پاکستان فار انٹرنیشنل ریلیشن کے زیراہتمام تقریب منعقد کی گئی جس میں 65 سو فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی مظالم سے متعلق ڈاکو منٹری دکھائی گئی۔ فلسطینی سفارتخانے کے سینئر اہلکار یاذن ابو علی نے بتایا کہ 65 سو کے قریب فلسطینی اسرائیل میں قید ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان قیدیوں پر نا صرف غیر انسانی مظالم کئے جا رہے ہیں بلکہ انہیں طبی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں اور ان کو اپنے خاندانوں سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ان قیدیوں نے 17 اپریل سے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے تاکہ عالمی ضمیر جاگے اور اس بھوک ہڑتال کو 23 دن گزر چکے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دبائو ڈالے کہ فلسطینی قیدیوں کو ان کے بنیادی حقوق، عالمی قوانین کے مطابق فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے امت مسلمہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی بربریت کو دنیا کے سامنے لائے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرے جس کا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس ہو۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنٹر آف پاکستان فار انٹرنیشنل ریلیشنز کی صدر آمنہ ملک نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں اور اسرائیلی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں۔ آخر میں تمام مسلم ممالک کے سفیروں نے سٹیج پر آ کر فلسطینی سفیر سے اظہار یکجہتی کیا اور فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کے پوسٹر ہاتھ میں اٹھا کر اسرائیلی بربریت کی مذمت کی۔

صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس افضل بٹ نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران یعقوب ڈھلوں نے تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے مسلم ممالک کے سفراء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی تقریب کا انعقاد نیشنل پریس کلب کے لئے اعزاز ہے اور ہم مستقبل میں بھی اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :