پاکستان اور افغانستان کے امن عمل کو تہہ و بالا کرنے میں بھارت کا ہاتھ ہے

وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی کی پی ٹی وی سے گفتگو

منگل 9 مئی 2017 23:05

پاکستان اور افغانستان کے امن عمل کو تہہ و بالا کرنے میں بھارت کا ہاتھ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2017ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے امن عمل کو تہہ و بالا کرنے میں بھارت کا ہاتھ ہے۔ منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں بھی ریاست مخالف سرگرمیوں سمیت تخریب کاری میں ملوث رہا ہے جس کے ہمارے پاس ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کو نہیں دیکھ سکتا۔ بھارت کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کسی صورت بھی ہضم نہیں ہوپاتی، یہی وجہ ہے کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے پاکستان میں عدم استحکام کے لیے کوششیں کرتا رہتا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے مفید ہے بھارت اس گیم چینجر منصوبے کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتا ہے لیکن اسے اس کے ناپاک عزائم میں کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ اسے مقررہ مدت پر مکمل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کا امن ایک دوسرے کے امن سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے پاک افغان سرحد پر چمن کے مقام پر افغان فورسز کی پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ناخوشگوار واقعات مستقبل میں نہیں ہونے چاہیئں۔ اکرم خان درانی نے زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے دونوں ممالک آپس میں تعاون بڑھائیں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔