حیدرآباد, ہسپتال کے بلک اسٹور میں ہونے والی آتشزدگی کی وجہ سے بہت مسائل پیدا ہوئی,ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو

مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں بے انتہا مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہی, میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی شہریوں کے وفد سے دوران گفتگو

بدھ 10 مئی 2017 23:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2017ء) لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد/ جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو نے کہا ہے کہ ہسپتال کے بلک اسٹور میں ہونے والی آتشزدگی کی وجہ سے یقینا بہت مسائل پیدا ہوئے ہیں اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں بے انتہا مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ مگر اس کے باوجود ہماری یہ کوشش ہے کہ مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں تسلسل قائم رہے یہی وجہ ہے کہ آپریشن تھیٹرز میں آپریشن معمول کے مطابق اپنے شیڈول کے تحت ہورہے ہیں او رمریضوں کو ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے شہریوں کے ایک وفد سے دوران گفتگو کیا۔

ایم ایس ڈاکٹر عبدالوہاب ودھو نے کہا کہ ہم بلک اسٹور میں لگنے والی آگ اور نقصانات کا تخمینہ کیلئے ہسپتال کے سینئر پروفیسر اور ڈاکٹرز پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی اور میں نے فوری طورپر وزارت صحت سندھ کو آتشزدگی کے متعلق مکمل رپورٹ بھیج دی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت سندھ نے ہماری ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مندرجہ ذیل اعلیٰ سطحی افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر اخلاق احمد، پروفیسر عزیز لغاری، اختر ڈاوچ، ایس ای ورکس اینڈ سروسز حیدرآباد ڈویژن ڈاکٹر نعیم ضیاء میمن، اے ایم ایس ایل یو ایچ ذوالفقار شیخ، ڈائریکٹر الیکٹرو میڈیکل ورکشاپ جامشورو شامل ہیں۔

یہ تحقیقاتی کمیٹی بلک اسٹور میں لگنے والی آگ کا ہر لحاظ ،زاویئے اور تمام پہلوؤں سے مکمل غور وخوص اور تحقیق کے بعد اپنی تحقیقاتی رپورٹ حکومت سندھ کو پیش کرے گی تاکہ بلک اسٹور میں ہونے والی آتشزدگی کے اصل محرکات کو منظر عام پر لایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :