لاڑکانہ ، قمبر شہدادکوٹ اضلا ع کی ترقی بہت اہم ہے ان دونوں اضلا ع کا تعلق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے ہے ، سید مراد علی شاہ

بدھ 10 مئی 2017 23:30

لاڑکانہ ، قمبر شہدادکوٹ اضلا ع کی ترقی بہت اہم ہے ان دونوں اضلا ع کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لاڑکانہ ، قمبر شہدادکوٹ اضلا ع کی ترقی بہت اہم ہے ان دونوں اضلا ع کا تعلق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے ہے اور ہم نے ان شہروں کو بہتر طریقے سے ترقی دینا ہے۔ انہوں نے یہ بات لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ اضلاع کے منتخب نمائندوں کے وفد کے ساتھ منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کہی وفد کی قیادت پی پی کی رہنما ایم این اے فریال تالپور کر رہی تھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت کابینہ کے اراکین میر ہزار خان بجارانی، جام مہتاب ڈہر، ڈاکٹر سکندر میندھرو،جام خان شورو، امداد پتافی ، فیاض بٹ جبکہ محترمہ فریال تالپور کے ساتھ نثار کھوڑو ، خورشید جونیجو ، ندیم بھٹو ، ایم اے نذیر بھگیو و دیگر تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 18مختلف محکموں نے 6101.825ملین روپے سے 140اسکیمیں شروع کیں ہیں۔ جن پر 4612.825ملین روپے جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ ان میں سے 3279.491ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 42جاری اسکیمیں ہیں جو کہ جون 2017تک مکمل ہونگی ۔ محترمہ فریال تالپر نے کہا کہ تعمیر و مرمت (ایم اینڈ آر) کی ان کی اسکیموں پر مناسب طریقے سے توجہ دی جائے تاکہ ان کے ذریعے موجودہ انفراسٹکچر کو بہتر بنایا جاسکے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ لاڑکانہ میں خوبصورت پارکس ہونے چاہیں۔ اس پر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 114.998ملین روپے کی لاگت سے بلاول بھٹو زرداری پارک کی اسکیم شروع کی گئی ہے اور اسکے لئے 22.234ملین روپے جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ ان میں سے 8.23ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں ۔

اس پر ایم این اے فریال تالپر نے کہا کہ یہ ایک اچھی اسکیم ہے اور یہ آئندہ مالی سال تک لازمی مکمل ہونی چاہیے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کو یقین دلایا کہ اس کے لئے آئندہ مالی سال کے دوران مکمل فنڈنگ کی جائیگی اور اسے دسمبر 2017تک مکمل کیا جائیگا۔ اجلا سمیں واضح کیا گیا کہ میونسپل اسٹیٹیڈم میں ترقیاتی کام سست رفتاری کے ساتھ جاری ہے اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اتھارٹیز کو کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے ضروری ہدایات جاری کریں اور انہیں رپورٹ پیش کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ 11مختلف محکموں نے 1623.719ملین روپے کی 35اسکیمیں شروع کی ہیں جس کے لئے 1123.482ملین روپے جاری کئے جاچکے ہیں اور ان میں سے 676.424ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے تین اسکیموں کی نشاندہی کی ہے جو کہ جون 2017میں مکمل ہو نگی کیونکہ انہیں مکمل فنڈنگ فراہم کی گئی ہے۔ اجلاس میںمیڈم فریال تالپر ، ایم این اے میر عامر مگسی ، ناظر بگھیو، ایم پی ایز سردار خان چانڈیو، غلام مجتبی اسران ، عزیز جتوئی اور دیگر منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ جاری اسکیموں کو اونر شپ دیں ۔ شہداد کوٹ ایک اہم ضلع ہے اور یہ بلوچستان کے بارڈر پر واقع ہے لہذا اس کی سڑکوں ، پلوں اور نکاسی کے نظام کو مناسب طریقے سے ترقی دینے کی ضرورت ہے۔