اداکارہ سومی علی نے سلمان خان سے تعلق ٹوٹنے کے راز سے پردہ اٹھا دیا

سومی علی نے سلمان خان سے 8 سالہ تعلق ختم ہونے کی وجہ ایشوریا رائے کو قرار دیدیا سلمان سے شادی کرنے کے لیے امریکا چھوڑ کر ممبئی آئی تھی، اداکارہ سومی علی

جمعرات 11 مئی 2017 11:35

اداکارہ سومی علی نے سلمان خان سے تعلق ٹوٹنے کے راز سے پردہ اٹھا دیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2017ء) بالی ووڈ اداکارہ سومی علی نے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان سے 8 سالہ تعلق ختم ہونے کی وجہ ایشوریا رائے کو قرار دے دیا۔اداکارہ سومی علی اور سلمان خان نوعمری میں ہی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے اداکارہ نے امریکا چھوڑ کرممبئی میں سکونت اختیار کرلی تھی جب کہ اداکارہ نے فلم نگری میں بھی اپنے فنی سفر کا آغاز کیا لیکن 8 سالہ محبت کی ناکامی کے بعد 1997 میں ممبئی چھوڑ کر واپس فلوریڈا چلی گئیں تاہم اب طویل عرصے بعد انہوں نے سلو میاں سے علیحدگی کے رازوں سے پردہ اٹھا یا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ سومی علی کا 2011 میں دیا گیا انٹرویو سوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے سلمان سے دوری کی وجہ ایشوریارائے کو قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ کا کہنا تھا کہ 15 سال کی عمر میں ہی سلمان کی فلم ’’میں نے پیار کیا‘‘ دیکھی اورانہیں دل دے بیٹھی جس کے بعد ان سے ملنے اور شادی کرنے کے لیے امریکا چھوڑ کر ممبئی آئی تھی جب کہ سلمان سے 8 سال تک قریبی تعلق رہا لیکن 1997 میں فلم ’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ کے سیٹ پر ایشوریا سے سلمان کی قربتیں بڑھیں جس کے باعث میں نے اس رشتے کو وہیں ختم کرلیا۔

سومی علی نے کہا کہ ایشوریا نے ہی ہم دونوں میں غلط فہمیاں پیدا کیں لیکن میں آج بھی سلمان پر مکمل بھروسہ کرتی ہوں جب کہ مجھے سلمان سے تعلق ٹوٹنے کا کوئی افسوس نہیں بلکہ اس وقت مجھے جو مناسب لگا وہی فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ سلمان خان اور سومی علی نے 1992 میں فلم ’’بلند‘‘ میں بھی کام کیا تھا جو نمائش کے لیے پیش نہیں کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :