جنوبی وزیرستان ،گرلزہائی سکول ڈاب کو ٹ کی2 1ٹیچرزسکو ل سے غائب

اپنی جگہ سکول طالبات کو ہی کچھ پیسوں کے عوض رکھ دیا،سینکڑوں طالبات کا مستقبل تاریک ہونے کا خطرہ، والدین سراپا احتجاج ،متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعرات 11 مئی 2017 12:50

وانا ،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2017ء) جنوبی وزیرستان کے وانہ ڈاب کوٹ گرلز ہائی سکول کی 12استانیاں صرف ایک ہفتہ ڈیوٹی کے نام پر حاضری دینے کے بعداپنی جگہ طالبات کو ہی کچھ پیسوں کے عوض رکھ کرغائب ہوگئیں،سینکڑوں طالبات کا مستقبل تاریک ہونے کا خطرہ، والدین سراپا احتجاج ۔تفصیلات کے مطابق وانا کے علاقے ڈاب کوٹ کے گرلز ہائی سکول کی استانیاں طالبات کے احتجا ج کے بعد ایک ہفتے کیلئے سکول میں حاضر ہوئیں۔

اس دورا ن وہ طالبات کو پڑھانے کی بجائے انھیں ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ سکول سے نکالنے کی دھمکیا ں دیتی رہیں، انہوں نے سکول کی چھ بچیوں کو چھ ہزار فی ٹیچر تنخوا پررکھنے کے بعد اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہوگئی ۔اس ضمن میں واناسے تعلق رکھنے والی فاٹا سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی فیمیل ونگ کی صدر ثمرینہ وزیر کے مطابق انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن فاٹا ہاشم خان کو مذکورہ سکول سمیت فاٹا کے دیگر سکولوں کے حالات سے آگاہ کیا مگر آج تک انہوں نے کوئی عملدرآمد نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ثمرینہ وزیر نے آن لائن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فاٹامیں سکولوں کی مستقل مانیٹرنگ نہیں ہوتی ہے جس کی وجہ سے اکثر سکولوں میں اساتذہ حاضری نہیں دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاب کو ٹ ہائی سکول کی طالبات نے مارچ کے آخری دنوں میں وانہ اعظم ورکس روڈ کو اس وجہ سے بند کیا تھا جس کے بعد محکمہ تعلیم کو ان غیر حاضر ٹیچر کو حاضر ہونے کیلئے بلانا پڑا تھا۔انہوں نے سکول ٹیچر ز کی دوبارہ واپسی اور طالبات کو ڈرانے دھمکانے پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کو اس حوالے سخت نوٹس لینا چاہیئے ۔ ادھر طالبات اور والدین بھی اس صورتحال پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔