بھمبراور کوٹلی ‘لائن آف کنٹرول لائن کے قریب بسنے والے نہتے شہریوں پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ‘ ایک شخص شہید ‘ 04خواتین سمیت 09افراد زخمی

بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا وزیراعظم راجہ فاروق حیدر زخمی افراد کی عیادت کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میرپور پہنچ گئے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ‘ عالمی برادری بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا نوٹس لے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 11 مئی 2017 13:49

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2017ء) آزادکشمیر کے اضلاع بھمبراور کوٹلی میں لائن آف کنٹرول لائن کے قریب بسنے والے نہتے شہریوں پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں ایک شخص شہید اور 04خواتین سمیت 09افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بھمبر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوںمیں کرامت اللہ ولدمحمدلطیف ہری پور سماہنی، اجالا اختر دخترکرامت اللہ،امامہ نوردختر شیراز احمدساکنہ ہری پور سماہنی ، اسد عباس ولد عمران ساکنہ کوٹلی گوجراں سماہنی ، مسرت شاہین زوجہ عمران ہری پور سماہنی اور منتظر حسین ولد عمران ساکنہ ہری پور سماہنی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کوٹلی کے مطابق کوئلی کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھی بھارتی افواج نے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں فائرنگ سے محمد رضوان ولد محمد رزاق ساکنہ سبز کوٹ تحصیل چڑھوئی شہید ہوگئے جبکہ محمدکامران ولد محمد رزا ق ساکنہ سبز کوٹ تحصیل چڑھوئی،ر ولائت بیگم بیوہ عمر دین سبز کوٹ تحصیل چڑھوئی اور عزیز خان ولد کرم داد ساکنہ ٹائیںتحصیل کھوئی رٹہ شدید زخمی ہوگئے۔

جمعرات کے روز وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میر پور پہنچ گئے اور وہاں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کے زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور ان میں سہولیات مفت مہیا کی جائیں ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سماہنی اور کھوئی رٹہ کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کرکے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اس وقت بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر نہتے معصوم افراد کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سماہنی سیکٹر اور کھوئی رٹہ کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور لائن آف کنٹرول پر بسنے والے افراد کا ہرممن تحفظ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے بھارت میں مودی سرکاراقتدار میں آئی ہے اس نے مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم میں کئی گناہ اضافہ کر دیا ہے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی تحریک مزاحمت کے سامنے بالکل بے بس ہو گئی ہے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور نہتے کشمیریوں پر مظالم سے عالمی توجہ پھیرنے کے لئے وہ آزاد کشمیر کے پرامن شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے غیورعوام بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور بھارت پر واضح کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی فوجی طاقت سے مرغوب نہیں ہوں گے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیری بھارتیوں کی حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھیں گے ۔