وزارت سیفران اور نادرا میں غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کے کوائف جمع کرنے اور رجسٹریشن کا معاہدہ

افغان باشندوں کے ڈیٹا بیس سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں افغان باشندوں کی تعداد کی تصدیق کی جائے گی ، یہ مردم شماری کیلئے بھی بہت مددگار ثابت ہوگا، رجسٹریشن اور کوائف اکٹھا کرنے کیلئی21 رجسٹریشن اورموبائل سنٹرز کھولے جائیں گے، وفاقی وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 11 مئی 2017 18:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2017ء) وفاقی وزارت سیفران اور نادرا میں غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کے کوائف جمع کرنے اور رجسٹریشن کا معاہدے طے پا گیا، وفاقی وزیر سرحدی امورعبدالقادر بلوچ نے کہا کہ افغان باشندوں کے ڈیٹا بیس سے نہ صرف بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں افغان باشندوں کی تعداد کی تصدیق کی جائے گی بلکہ یہ مردم شماری کیلئے بھی بہت مددگار ثابت ہوگا، رجسٹریشن اور کوائف اکٹھا کرنے کیلئی21 رجسٹریشن اورموبائل سنٹرز کھولے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزارت برائے سرحدی امور اور نادرا کے مابین غیر رجسٹرڈ شدہ افغان باشندوں کی رجسٹریشن اور کوائف جمع کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت سرحدی امور میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل( ر) عبدالقادر بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا چھ لاکھ غیر رجسٹرڈ شدہ افغان باشندے ابھی بھی پاکستان میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کے ڈیٹا بیس سے نہ صرف بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں افغان باشندوں کی تعداد کی تصدیق کی جائے گی بلکہ یہ مردم شماری کیلئے بھی بہت مددگار ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کام کیلئے 21 رجسٹریشن اورموبائل سنٹرز کھولے جائیں گے جس کے نتیجے میں افغان باشندوں کو بھی بلاوجہ ہراساں ہونے سے بچایا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ وزارت سیفران دیگر سیاسی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں سے بھی مزید تعاون کرے گی، رجسٹریشن کا یہ عمل دس ماہ میں مکمل ہوجائے گا اور جولائی کے آغاز سے رجسٹریشن سنٹرز کا قیام عمل میں آنا شروع ہوجائے گا،افغان باشندوں کی تصدیق افغان حکومت اور افغان حکام کے تعاون سے مکمل کی جائے گی،ہر سنٹر میں تصدیق کے عمل میں افغان حکام اور افغان عمائدین بھی تعاون کریں گے۔(ار)