بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، بھارتی فوج کی ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ سے شہری کی شہادت پراحتجاج

بھارت 2003کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری ، کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرے، دفتر خارجہ

جمعرات 11 مئی 2017 18:56

اسلام آ باد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2017ء) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آ ف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں شہری کی شہادت کے واقعے کی شدید مذمت اوراس پر احتجاج کیا ،پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003کے سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے اور کنٹرول لائن کے موجودہ اور دیگر خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرے اور قابض بھارتی فوج کو ہدایات دی جائیں کہ وہ سیز فائرمعاہدے کی اس کے روح کے مطابق عمل کرے تاکہ لائن آ ف کنٹرول پر امن کو برقرار رکھا جا سکے۔

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنو بی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے پاکستان میں ہائی کمشنر جے پی سنگھ کا طلب کیا اور لائن آ ف کنٹرول پر تانڈار،کھوئی رٹہ،باروچ،باگسر،خانجارسیکٹرز پر10اور11مئی کی رات کو بھارتی قابض فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مزمت کی جس کے نتیجہ میں ایک شہری محمد رضوان کی شہادت ہوئی اور خواتین سمیت 2افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے بھارت پرواضح کیا کہ جان بوجھ کو سول آ بادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی حقوق کے قوانین کے خلاف ہے۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003کے سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے اور سیز فائرلائن کے موجودہ اور دیگر خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرے اور قابض بھارتی افواج کو ہدایات کی جائیں کے وہ سیز فائرمعاہدے کی اس کے روح کے مطابق عمل کرے تاکہ لائن آ ف کنٹرول پر امن کو برقرار رکھا جا سکے۔( وخ )