لاہور ہائیکورٹ، حافظ سعید اوران کے چار ساتھیوں کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 16 مئی تک ملتوی

جمعرات 11 مئی 2017 20:22

لاہور ہائیکورٹ،  حافظ سعید اوران کے چار ساتھیوں کی نظر بندی کے خلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید اوران کے چار ساتھیوں کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پرفریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر تے ہوئے سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔ حافظ سعید کے وکیل اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ پنجاب نے کسی قانونی جواز کے بغیر حافظ سعید کو نظر بند کیا۔

نظر بندی سے قبل حافظ سعید کے خلاف شواہد بھی نہیں دئیے گئے جو کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حافظ سعید کو اقوام متحدہ کی قرار داد کو جواز بنا کر نظر بند کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی جس قرار داد کو جواز بنایا گیا وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بھارتی دہشت کے خلاف ہے مگر کشمیریوں کے حقوق اور آزادی کی بات کرنے پر حافظ سعید کو بلا جواز نظر بند کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ حافظ سعید کی غیر قانونی نظر بندی ختم کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ حافظ سعید کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنا غیر قانونی ہے۔ سرکاری وکیل نے جواب داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے نوٹیفیکیشن کے تحت حافظ سعید کو نظر بند کیا۔ جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔(ایم خالد)