نیوز لیکس معاملہ فوج کی طرف سے ختم ہوا نواز شریف کی طرف سے نہیں :خرم نواز گنڈاپور

وزیرداخلہ بھی جانتے ہیں نواز شریف کا ایجنڈا ملنا نہیں لڑنا ہے،کب تک ’’ڈرائی کلینر ‘‘بنے رہیں گے اگر سول ملٹری تصادم شمنوں کا ایجنڈا ہے تو وزیراعظم ہائوس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے استعمال کیوں ہوا سکیورٹی کے خلاف خبر نئی دہلی سے نہیں اسلام آباد وزیراعظم ہائوس سے لیک ہوئی،پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعرات 11 مئی 2017 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وزیر داخلہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر سول ملٹری تصادم دشمنوں کا ایجنڈا ہے تو وزیراعظم ہائوس خبر لیک کر کے دشمنوں کے اس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے استعمال کیوں ہوا خبر نئی دہلی سے نہیں اسلام آباد وزیراعظم ہائوس سے لیک ہوئی، ہم بڑی ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہے ہیں معاملہ فوج کی طرف سے ختم ہوا نواز شریف کی طرف سے ختم نہیں ہوا، چند ہفتوں کے بعد وزیراعظم ہائوس سے پھر کوئی حملہ ہو گا ، یہ سیٹلمنٹ دیر پا نہیں ہے کیونکہ وزیراعظم ہائوس سے اتفاقاً خبر لیک نہیں ہوئی یہ اقدام منصوبہ بندی کے تحت اٹھایا گیا، معاملے کے حل ہونے پر نواز شریف کو’’لانے والے‘‘پریشان ہیں کیونکہ ’’لانے والوں ‘‘ نے انہیں ٹاسک ہی فوج کو ٹف ٹائم دینے کا دیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ کچھ ہفتوں کے بعد شریف حکومت قومی سلامتی کے اداروں پر پھر حملہ آور ہو گی، وزیر داخلہ کہتے ہیں یہ کوئی اتنا بڑا ایشو نہیں کیا قومی سلامتی کے خلاف اقدام بڑا مسئلہ نہیں پاکستان کے مفاد سے کوئی اور نہیں وزیراعظم خود کھیل رہے ہیں، قومی سلامتی کے خلاف اقدام غداری ہے،وزیرداخلہ بتائیں پرویز رشید، طارق فاطمی اور رائو تحسین کے خلاف کس قانون کے تحت کارروائی کی جائیگی، آرٹیکل 6 کے تحت یا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اور اگران کا کوئی جرم نہیں تو پھر انہیں ان کے عہدوں پر باعزت بحال ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کا کردار ڈرائی کلینر والا ہے وہ کب تک حکومت کے میلے کپڑے دھوتے رہیں گے، وہ بھی جانتے ہیں نواز شریف کا ایجنڈا ملنا نہیں لڑنا ہے