عوامی مسیحا پارٹی کے آرگنائزر جے سالک کا برما میں نہتے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ

جمعرات 11 مئی 2017 20:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2017ء) ورلڈ مینارٹیز الائینس کے کنونیئر اور عوامی مسیحا پارٹی کے آرگنائزر جے سالک نے برما میں نہتے اور معصوم مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے قتل عام کے خلاف جمعرات کو اپنی رہائش گاہ میلوڈی سے جی فائیو میں واقع اقوام متحدہ کے دفتر تک پیدل مارچ کیا، احتجاج ریکارڈ کرایا اور یادداشت پیش کی۔

جے سالک نے اپنے کاندھے پر ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی تصویراورمسلمانوں کا قتل عام بند کرو، برما میں اقلیتوں کے خلاف ظلم بند کرو کے نعرے درج تھے۔یو این او کی جانب سے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بونھ نے یاداشت وصول کی۔ یاداشت میں کہا گیا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کے معزز ایوان کی توجہ برما کی اقلیتوں(مسلمانوں) کی جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں جو کہ بدھ مت (اکثریت)کے ہاتھوں وحشیانہ جبر کی ایک مسلسل لہر کا سامنا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

برما میں اقلیتوں کو ہراساں کیا جارہا ہے اور کسی وجہ کے بغیرمعصوم لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے ۔یو این او اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے اس مسئلے پر خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔ اس مسئلے پر نوبل پیس پرائز حاصل کرنے والے لوگوں کا کردار بھی مشکوک ہے۔ اگر انہیں اس ظلم اوربربریت کے خلاف کچھ کرنے کی بجائے خاموش تماشائی ہی بنے رہنا ہے تو انہیں اپنے پرائزز واپس کردینے چاہئیں ۔اس مسئلے کے حل کے لئے خانہ کعبہ کے امام، بشپ آف کنٹربری اور پاپائے اعظم سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا کر برما میں کے اس مسئلے کو ھنگامی بنیادوں پرحل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :