چیئرمین سینیٹ کی مشیر خارجہ کو ایرانی فوجی حکام کے دھمکی آمیز بیانات اورپاک افغان سرحدکی صورتحال پرپالیسی بیان دینے کی ہدایت

بھارت میں چینی سفیر کے سی پیک بارے بیانات ،بھارت کے عالمی عدالت انصاف جانے ، جدہ میں سربراہی اجلاس کے حوالے سے بھی ایوان کا آگاہ کیاجائے ،رضاربانی

جمعرات 11 مئی 2017 21:18

چیئرمین سینیٹ کی مشیر خارجہ کو ایرانی فوجی حکام کے دھمکی آمیز بیانات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو ایرانی فوج کے سربراہان کے پاکستان میں گرم تعاقب ، سی پیک کے نام کی تبدیلی کے بارے میں بھارت میں چینی سفیر کے بیانات ،بھارت کے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے اور جدہ میں سربراہی اجلاس اور پاک افغان سرحدکی صورتحال پر ایوان بالا میں پیر کو پالیسی بیان دینے کی ہدایت کردی ۔

جمعرات کو چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے قائد ایوان سے کہا کہ مشیر خارجہ کو آگاہ کیا جائے کہ وہ ایرانی سفیر کے پاکستان میں تعاقب کیلئے آنے ، نئی دہلی میں چینی سفیر کے پاک چین اقتصادی راہداری کا نام تبدیل کرنے کے بیانات پر پاکستان کے موقف سے سینیٹ کو بریفنگ دیں ، اسی طرح مشیر خارجہ پاک افغان سرحد کی صورتحال سے ایوان کو آگاہ کریں ۔

(جاری ہے)

ایوان بالا کو بھارت کی طرف سے کلبھوشن یادیو کی پھانسی کی سزا کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کے بارے میں پاکستانی موقف پر بریفنگ دی جائے کیونکہ میڈیا میں آرہا ہے کہ آئی سے جے کی طرف سے حکم امتناعی جاری کیا گیا ہے اور عالمی عدالت کے سربراہ کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کو کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عمل درآمد کرنے کی خبریں بھی آرہی ہیں ، اسی طرح سعودی عرب میں سربراہی اجلاس جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمہ شریک ہوں گے اور وزیراعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔

تفصیلات سے سینیٹ کو آگاہ کیا جائے ۔ وزیر قانون وانصاف زائد کو یہ ہداہت کی گئی کہ اگر پیر کو مشیر خارجہ دستیاب نہ ہوں تو وزیرخارجہ اس حوالے سے کسی اور وزیر کو تفصیلات سے آگاہ کردے جو یہاں بریفنگ دے سکے ۔ (اع+ن م)