وفاقی حکومت وعدے کے مطابق ٹی ڈی پیز کی فوری اور باعزت واپسی یقینی بنائے،شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل کو پاک فوج نے کلیئر کردیا ہے، اس کے باوجود اس قوم کے لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس نہیں جانے دیا جارہا، حکومت پولیٹیکل ایجنٹ کی غفلت اور عدم دلچسپی کا نوٹس لے اور انہیں اپنے عہدے سے برطرف کرے

امیر جماعت اسلامی فاٹا سردار خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 مئی 2017 22:08

وفاقی حکومت وعدے کے مطابق ٹی ڈی پیز کی فوری اور باعزت واپسی یقینی بنائے،شمالی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی فاٹا سردار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وعدے کے مطابق ٹی ڈی پیز کی فوری اور باعزت واپسی یقینی بنائے۔شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل کو پاک فوج نے کلیئر کردیا ہے، اس کے باوجود اس قوم کے لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس نہیں جانے دیا جارہا۔ حکومت پولیٹیکل ایجنٹ کی غفلت اور عدم دلچسپی کا نوٹس لے اور انہیں اپنے عہدے سے برطرف کرے۔

ڈانڈے درپہ خیل کے عوام نے ضرب عضب کی خاطر قربانی دی اور اپنے علاقوں سے ہجرت کی لیکن تین سال بعد بھی انہیں واپس نہیں بھیجا جارہا۔ قبائلی علاقوں میں مردم شماری جاری ہے لیکن ڈانڈے درپہ خیل کے عوام اس عمل سے بھی محروم رکھے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی متاثرین ڈانڈے درپہ خیل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان کی احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔جماعت اسلامی اور فاٹا سیاسی اتحاد ڈانڈے درپہ خیل کے عوام کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے اور انہیں ہر قسم کی تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے شمالی وزیرستان ایجنسی کی قوم ڈانڈے درپہ خیل کے متاثرین آپریشن کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان،جماعت اسلامی خیبر ایجنسی کے سیکرٹری جنرل محمد حسن شنواری، ملک اکبر علی خان، ملک قادر زمان، ملک حبیب اللہ، انجینئر اسد اللہ شاہ اور ملک اشرف سمیت دیگر ملکان ، طلباء اور نوجوان شریک تھے۔

سردار خان نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اپنی پریس کانفرنس میں وعدہ کیا تھا کہ 30اپریل تک ٹی ڈی پیز کو واپس ان کے علاقوں میں بھیج دیا جائے گا لیکن وہ اپنے وعدے پر قائم نہیں رہے اور تاحال ڈانڈے درپہ خیل کے عوام اپنے گھروں کو نہیں جاسکے ہیں اور دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ شمالی وزیرستان کے حالات اب ٹھیک ہیں اور بین الاقوامی مبصرین نے بھی وہاں کے حالات کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا ہے لیکن حکومت ڈانڈے درپہ خیل کے ٹی ڈی پیز کو واپس بھیجنے سے گریزاں ہے۔

انہوںنے کہا کہ ڈانڈے درپہ خیل کے عوام دو دن سے گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاج کررہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی بھی حکومتی نمائندہ اصلاح احوال کے لئے ان کے پاس نہیں آیا۔ حکومت بے حسی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ قبائلی محب وطن پاکستانی ہیں، اس لئے ہم ان کی پشت پر کھڑے ہیں تاکہ پاکستان مخالف قوتوں کو باور کرایا جاسکے کہ قبائلی تنہا نہیںہیں۔ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے تو ان کو ساتھ لے کر اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد ان ٹی ڈی پیز کے مطالبات منظور کرتے ہوئے ان کی باعزت واپسی یقینی بنائے۔