راولپنڈی :میونسپل کارپوریشن کا این او سی کے بغیر شہر میں سڑکوں اور گلیوں کی کھدائی پر مختلف اداروں سے چارجز وصول کرنے کا فیصلہ

شہر میں مجموعی طور پرڈیڑھ لاکھ مربع فٹ سے زائد سڑکوں اور گلیوں کی کھدائی اور بعد ازاں انہیں لاوارث چھوڑ دینے کا نوٹس جس کے تحت واسا ،محکمہ سوئی گیس اورپی ٹی سی ای ایل سے بطور جرمانہ مجموعی طور پر 3کروڑ روپے سے زائد چارجز وصولی کا فیصلہ

جمعرات 11 مئی 2017 22:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2017ء) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے پیشگی اجازت اور کسی این او سی کے بغیر شہر میں مجموعی طور پرڈیڑھ لاکھ مربع فٹ سے زائد سڑکوں اور گلیوں کی کھدائی(ROAD CUTS) اور بعد ازاں انہیں لاوارث چھوڑ دینے کا نوٹس لیتے ہوئے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا)،محکمہ سوئی گیس اورپی ٹی سی ای ایل سے بطور جرمانہ مجموعی طور پر 3کروڑ روپے سے زائد چارجز وصولی کا فیصلہ کیا ہے جس میں واسا راولپنڈی سے 2کروڑ7لاکھ81ہزار859روپے ،سوئی گیس سے 99لاکھ47ہزار515روپے اور پی ٹی سی ایل سے 3لاکھ 29ہزار روپے وصول کئے جائیں گے اس ضمن میں کارپوریشن کی انفراسٹرکچر برانچ نے نقصانات کا حتمی تخمینہ لگا کر کارپوریشن سے اس کی باقاعدہ منظوری لے لی ہے ذرائع کے مطابق مذکورہ تینوں محکمے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں پانی، سیوریج وگیس کی پائپ لائنوں کی تنصیب کے علاوہ ٹیلی فون کیبل سمیت دوسرے نیٹ ورک کی کیبل کی بچھائی کے لئے مختلف یونین کونسلوں کی سڑکوں و گلیوں میں بغیر کسی پیشگی منظوری و ادائیگی چارجزکے بغیر کھدائی( روڈ کٹ) کرتے ہیںجس سے کارپوریشن کو شدید مالی نقصان کے ساتھ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس ضمن میں متعدد بار تحریری طور پر ان محکموں کوباور کرایا گیا کہ وہ پیشگی منظوری کے بغیراس کارروائی سے باز رہیں لیکن عمل درآمد نہیں ہو سکاجبکہ یہ تینوں محکمے کھدائی کے بعد گلیوں و سڑکوں کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیتے ہیںحالانکہ ان میں سے اکثر گلیات نئی بنی ہوئی ہیںاس حوالے سے انفراسٹرکچر برانچ نے شہر کے سروے کے بعد نقصانات تخمینہ تیار کر لیا ہے جس کے تحت واسا راولپنڈی سے پانی و سیوریج لائنوں کی تنصیب کے لئے یونین کونسل 17سی22تک 31ہزار440مربع فٹ ، یونین کونسل 23سی29تک10835مربع فٹ ،یونین کونسل33سی35تک14182مربع فٹ ،یونین کونسل35سی37تک 51552مربع فٹ اور یونین کونسل 32،43اور44میں 6140مربع فٹ کھدائی پر مجموعی طور 2کروڑ7لاکھ 81ہزار 859روپے میونسپل کارپوریشن کے فنڈ میں جمع کروائے جائیں گے اسی طرح محکمہ سوئی گیس کی جانب سے گیس لائنوں کی تنصیب کے لئے یونین کونسل 17سی22تک330مربع فٹ ،یونین کونسل23سی29تک 3430مربع فٹ ،یونین کونسل 34میں 25200مربع فٹ ،یونین کونسل35میں 9827مربع فٹ اوریونین کونسل 44میں1488مربع فٹ کھدائیوں پر 99لاکھ47ہزار515روپے وصول کئے جائیں گے جبکہ محکمہ ٹیلی فون کی جانب سے یونین کونسل نمبر3 ہزارہ کالونی کے علاوہ میونسپل حدود میں ٹیلی فون کی لائنوںکی بچھائی کے لئے مختلف یونین کونسلوں کی سڑکوں و گلیوں کی کھدائی سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ 3لاکھ29ہزار روپے لگایا گیا ہے ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہاس حوالے سے مذکورہ محکموں کو پہلے بذریعہ لیٹر نقصان کے ازالے کے لئے آگاہ کیا جائے گا اور عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں کاروائی کا امکان ہے ۔