وزیراعظم نواز شریف ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے نتیجہ خیز مذاکرات کریں ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا مطالبہ

جمعرات 11 مئی 2017 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2017ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے نتیجہ خیز مذاکرات کریں اور اس موقع پرموجود خادم الحرمین شریفین اور دیگر برادار اسلامی ممالک کے سربراہان بھی اس اسلامی کی فریضہ کی ادائیگی کیلئے کردار ادا کریں۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت میں ہم آہنگی ملک و قوم کی ترقی اور تحفظ کیلئے خوش آئند ہے۔ عافیہ کو جرم بے گناہی کی پاداش میں امریکی عقوبت خانوں اور جیل میں5156 دن گذر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمران اور ارباب اختیار عافیہ کو قوم کی بیٹی کہتے ہیں تو پھر سوتیلی بیٹی والا سلوک کیوں کر رہے ہیں جبکہ امریکہ عافیہ کو رہا کرنے کیلئے تیارہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عام پاکستانی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکمرانوں اور ارباب اختیار کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ڈاکٹر عافیہ کو رسول اللہ ﷺ خواب میں بیٹی مخاطب کرکے بشارت دے چکے ہیں کہ تیری آزمائش ختم ہوچکی اب پوری امت کی آزمائش شروع ہوچکی ہے۔ پاکستان اور عالم اسلام کے حکمران اور ارباب اختیار امت کی آزمائش کے خاتمہ کے لئے اپنے حصہ کا کردار ادا کریں، انشاء ہمارا ملک اور پوری امت مسلمہ بھی آزمائش کے اس دور سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عالم اسلام کو شب برأت کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے مساجد اور گھروں میں خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔