کے الیکٹرک کی نا اہلی کے باعث کراچی میں بجلی بحران شدت اختیار کرگیا

بن قاسم پاورٹ پلانٹ ون کے چاروں یونٹس بند ، بیک وقت شہر کے 30فیصد علاقے بجلی سے محروم، شارٹ فال 900میگاو ٹ تک پہنچ گیا، لوڈ شیڈنگ دورانیہ 12گھنٹے سے متجاوز

جمعرات 11 مئی 2017 23:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2017ء) کے الیکٹرک کی نا اہلی کے باعث کراچی میں بجلی بحران شدت اختیار کرگیا ،بن قاسم پاورٹ پلانٹ ون کے چاروں یونٹس بند ہوگئے ہیں ،جس کے باعث بیک وقت شہر کے 30فیصد علاقے بجلی سے محروم ہیں، شارٹ فال 900میگاو ٹ تک پہنچ گیا، لوڈ شیڈنگ دورانیہ 12گھنٹے سے متجاوز ،شہریوں کی زندگی مفلوج ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی نجی کمپنی کے الیکٹرک کے زیر انتظام بن قاسم پاور پلانٹ ون کے چاروں یونٹس فنی خرابی کے باعث بند ہوگئے ہیں ، پیداواری یونٹس بند ہونے سے کراچی میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور شارٹ فال بھی900میگاوٹ تک پہنچ گیا ہے، وقفے وقفے سے بجلی بند کی جارہی ہے،مستثنیٰ علاقے بھی زیر عتاب آگئے ،نصف فیصد سے زائد حصہ لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہے اور بیک وقت شہر کی30فیصد علاقوں میں وقفے وقفے سے بجلی بند کی جارہی ، شہری گرمی سے پریشان ہیں ،بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کراچی میں زندگی مفلوج ہوگئی ہے ، کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں لیکن اس سنگین صورتحال پر سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا گیا جبکہ نیپرا بھی خاموش ہے ۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ ون کے 6یونٹس میں دو یونٹ چار سال سے کوئلہ پر منتقلی کے لیے بند ہیں جبکہ رواں ہفتہ ایک ایک کرکے باقی 4یونٹس بھی بند ہوگئے ، ایک یونٹ کی صلاحیت220میگا وا ٹ جبکہ اس پلانٹ کی مجموعی صلاحیت 800میگاواٹ ہے،پاور پلانٹ اور اس کے یونٹس اپنی مدت معیاد کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں تقریباً22فیصد کمی آچکی ہے اور اب ایک یونٹ170میگاواٹ جبکہ پورا پلانٹ 680میگاوا ٹ بجلی پیدا کرنے کی استعداد رکھتا ہے تاہم فرنس آئل کے اخراجات کو بچانے کے لیے پاور پلانٹ کو نہیں چلایا جارہا۔

ذرائع نے بتایا کہ کے الیکٹر ک صرف940میگا واٹ بجلی پیدا کر رہی ہے جس میں بن قاسم پاور پلانٹ ٹو سی560میگاواٹ، کورنگی تھرمل پاور اسٹیشن سی200میگاواٹ، کورنگی گیس پاور اسٹیشن سی90میگاواٹ اور سائٹ گیس ٹربائن سے بھی 90میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ 650میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن سے، 250میگاواٹ آئی پی پیز سے ،80میگاوٹ کینپ اور14میگاواٹ عنود پاور سے حاصل کی جارہی ہے ۔

کے الیکٹرک کی پیدا کردہ اور نیشنل گرڈ، آئی پی پیز و دیگر ذرائع سے حاصل کرنے کے بعدشہر میں صرف1934میگا واٹ بجلی آرہی ہے جبکہ شہر میں بجلی کی طلب2800سی3ہزا ر میگاواٹ ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں گیس پریشر میں کمی نہیں ہوتی ، کراچی سمیت صوبے بھر میں وافر مقدار میں گیس موجود ہے، گیس پریشر کا مسئلہ سردیوں کے سیزن میں ہوتا ہے ، کے الیکٹرک کو فرنس آئل کی رقم کی ادائیگی نیپرا سے کی جاتی ہے اور یہ بجلی کی پیداوار سے مشروط ہے تاہم کے الیکٹرک بن قاسم پاور پلانٹ ون کو فرنس آئل کے بجائے گیس پر چلاتی ہے اور اب فنی خرابی کے باعث یہ پاورپلانٹ اور اس کے چاروں یونٹس بند پڑے ہوئے ہیں ۔

کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کے ایک یونٹ پر بحالی کا کام جاری ہے ،لوڈ مینج کرنے کے لیے چند مقامات پر عارضی تعطل ہے ۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پاور پلانٹ پر فالٹ اور گیس پریشر میں کمی کے باعث تقریباً 250میگاواٹ کا شارٹ فال ہے اور وقفے وقفے سے لوڈ شیڈنگ کا کا دورانیہ1گھنٹہ ہے۔