چوہدری پرویز الٰہی سے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے سرگرم رہنمائوں کی ملاقات ،ق لیگ میں شمولیت کا اعلان

فیصل آبا د میں کل ہونے والا ورکرز کنونشن مثالی ہوگا، چوہدری پرویز الٰہی

جمعہ 12 مئی 2017 20:00

چوہدری پرویز الٰہی سے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے سرگرم رہنمائوں کی ملاقات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے سرگرم رہنمائوں، ناظم، یو سی چیئرمین اور وائس چیئرمین نے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان میں پاکستان تحریک انصاف کے چودھری نبی احمد امیدوار چیئرمین یوسی چودھری والا، احمد گل، محمد بشیر، محمد اعظم، ن لیگ کے خاور سعید رندھاوا چک نمبر 105 کے امیدوار چیئرمین یو سی کال گڑھ، چودھری لیاقت گل، یوسی کالرہ چک 265 محمود احمد باجوہ، چودھری مجید احمد، چودھری تجمل، چودھری شمس، چودھری محمد سلیم، محمد خضر، چودھری عبدالرحمان، چودھری اشرف گوندل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے مختلف اضلاع کے دوسری جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سرگرم رہنمائوں و کارکنوں کی پاکستان مسلم لیگ میں مسلسل شمولیت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کیلئے نیک فعال ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ 14مئی کو فیصل آباد میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کر رہی ہے جو انشاء اللہ مثالی ہو گا۔ اس موقع پر چودھری نبی احمد، چودھری لیاقت گل اور خاور سعید نے کہا کہ ہم اور ہمارے نئے شامل ہونے والے ساتھی چودھری ظہیرالدین کی قیادت میں پارٹی میں فعال کردار ادا کریں گے اور اس کنونشن کو عظیم الشان اور دوسرے شہروں کیلئے مثال بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کو پتہ چل گیا ہے کہ عوام کی حقیقی خدمت کرنے والے کون ہیں اور سبز باغ دکھانے والے بھی بے نقاب ہو گئے ہیںانہوں نے چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی جانب سے کارکنوں کو بھرپور عزت دینے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد جماعت ہے جس میں کارکن کو اس کا جائز مقام دیا جاتا ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں مفادات کی سیاست ہو رہی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر مزید کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب جتنے ترقیاتی کام ہم نے کیے اس کی مثال نہیں ملتی، یہی وجہ ہے کہ آج لوگ ہمارے دور کے ترقیاتی منصوبوں کو یاد کرتے ہیں۔ حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج ہر طبقہ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ حکومت عوامی حقوق سلب کر کے اپنی دکانداری چمکا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے دور میں کسان خوشحال تھا، آج کاشتکار اپنی تیار فصلوں کو کھیت میں تباہ ہوتا دیکھ رہے ہیں کاشتکار سے زیادہ فصل کی فکر ہمیں ہوتی تھی، فصل کا دانہ دانہ ہم خرید لیتے تھے، کسان کو سستے داموں کھاد فراہم کرتے تھے، ساڑھے بارہ ایکڑ تک ٹیکس معاف کیا، زرعی ٹیوب ویل کا آدھا بل ہم ادا کرتے تھے، آج کسان، محنت کش اور غریب عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر ہمیں دعائیں اور موجودہ حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔

(اے ملک)