ٹی وی چینلز فوج اور قوم کے درمیان اختلافات پیدا کرنے سے باز رہیں، پیمرا کا انتباہ

جمعہ 12 مئی 2017 20:35

ٹی وی چینلز فوج اور قوم کے درمیان اختلافات پیدا کرنے سے باز رہیں، پیمرا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2017ء) پیمرا نے ٹی وی چینل کو انتباہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹی وی چینلز فوج اور قوم کے درمیان اختلافات پیدا کرنے سے باز رہیں۔ترجمان پیمرا کے مطابق پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو اس کے کمپلینٹس اینڈ کال سنٹر ، ٹوئیٹر و فیس بک اکائونٹ اور ویب سائٹ کے ذریعے متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بعض ٹی وی چینلز، اُنکے کچھ تجزیہ کار اوراینکر زمسلسل یہ پروپگینڈہ کر رہے ہیں کہ پاکستان میں سول و ملٹری تعلقات انتہائی خراب ہیں اور نا معلوم ذرائع کے حوالہ سے خبروں اور تجزیوں کو بڑھا چڑھا کے پیش کیا جاتا ہے۔

یہ غیر ذمہ دارانہ طرزِعمل نہ صرف ملکی مفاد اورقومی سلامتی کے منافی ہے بلکہ ایسی غیر پیشہ وارانہ گفتگو کر کے پاکستان کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر ایک غیر سنجیدہ اور ناکام ریاست کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جہاں پر جیسے آئین اور قانون کی کوئی وقعت نہیں۔

(جاری ہے)

دُشمن کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان میں قوم اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کیے جائیں تا کہ پاکستان یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ آگے نہ بڑھ سکے، ایک ایسے وقت جب دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری ہے اور فوج کے بہادر جوان اور آفیسرز سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور عوام شہروںاور قصبوںمیں دہشت گردوں کا شکار ہورہے ہیں، چند مخصوص عناصر کی طرف سے ٹی وی چینلز کو استعمال کرتے ہوئے فوج اور قوم کے درمیان مسلسل اختلافات پیدا کرنے کی مذموم کوشش کرنا قومی مفاد کے خلاف اور ایک انتہائی تشویش ناک امر ہے اور فوج اور قوم کی دی گئی قربانیوں کا اثرزائل کرنے کی گھنائونی کوشش ہے، جس پر پیمرا اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔

اس طرح کے شر انگیز تبصرے و تجزیے نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضربِ عضب ،آپریشن ردالفساد کی روح اور سپریم کورٹ کے نافذ کردہ ضابطہٴ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا2015 کی شقوں 3(1)(b)اور3(1)(j) کے صریحاًًخلاف ہے جس کے تحت عدلیہ یا مسلح افواج کے خلاف بہتان تراشی کرنا منع ہے۔لہٰذا بذریعہ انتباہ تمام نیوز و کرنٹ آفئیرز ٹی وی چینلز کو متنبہ کیا جا تاہے کہ آج کے بعد اُن کا چینل یا چینل کا کوئی ملازم، اہلکار یا پروگرام کا مہمان سول و ملٹری تعلقات کے حوالے سے کوئی غیر مصدقہ خبر یا تبصرہ متعلقہ ادارے کی تصدیق کے بغیر پیش نہ کرے جو آرمڈ فورسز کے خلاف بہتان تراشی کے زمرہ میں آتا ہویا اُن کے امیج کو نقصان پہنچاتا ہو یا کسی بھی قسم کے غیر آئینی اقدامات کیلئے اُکساتا ہو۔

کسی بھی خلاف ورزی کرنے والے چینل کے خلاف پیمرا آرڈیننس 2002کے سیکشن27 کے تحت فوری کاروائی عمل میںلائی جائے گی۔ مزید برآں پیمرا احکامات کی تعمیل کیلئے PAKSAT اور ملک کے تمام کیبل آپریٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پیمرا کے احکامات پرفوری عمل در آمدکو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :