ایرانی اور پاکستانی بلوچستان کے خلاف عالمی استعماری قوتوں کا ایک ہی منفی ایجنڈا ہے،لیاقت بلوچ

جمعہ 12 مئی 2017 22:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے سندھ اور بلوچستان کے طلبہ اور نوجوانوں کے وفد اور لاہور میں عظمت قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ایرانی اور پاکستانی بلوچستان کے خلاف عالمی استعماری قوتوں کا ایک ہی منفی ایجنڈا ہے ۔ ایران اور پاکستان دشمن قوتیں دونوں ملکوں کے بلوچستان کے خلاف سرگرم ہیں ۔

پاکستان و ایران کے دوستانہ تعلقات کی تاریخ ہے یہ نہ ختم ہوں گے اور نہ ہی انہیں نظرانداز کیا جاسکتاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کا دورہ چین قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اچھی خبر ہے ۔ سیاست میں اختلاف آئینی ،سیاسی ، جمہوری حق ہے لیکن قومی سلامتی ،ترقی ، امانت و دیانت سے عوامی خدمت قومی فریضہ ہے ۔

(جاری ہے)

خطہ کے خصوصی حالات میں پوری قوم کا یک جان اور یک آواز ہونا ضروری ہے ۔ چین کا سی پیک پر بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد کرنا ترقی کے عظیم منصوبہ کو مکمل کرنے کا عزم ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف سی پیک کے ذریعے ترقی اور فوائد چاروں صوبوں کے لیے انصاف کے ساتھ یقینی بنائیں۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ گرمی کی شدت کے ساتھ لوڈشیڈنگ کی شدت نے عوام کا برا حال کر دیاہے ۔ کراچی ، لاہور ، پشاور ، کوئٹہ جیسے بڑے شہروں میں بھی عوام بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپاا حتجاج ہیں ۔ چھ ہزار میگاواٹ کے شارٹ فال کی وجہ سے دیہاتوں میں لوڈشیڈنگ سولہ گھنٹے تک پہنچ گئی ہے ۔ حکمران جھوٹے اعلانات اور وعدوں کی بجائے بجلی بحران ختم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں اور صارفین کو بجلی مہیا کریں ۔

متعلقہ عنوان :